اپوزیشن حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے لیکن انہیں کامیابی نہیں ملے گی،معاون خصوصی امور نوجواناں عثمان ڈار

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں سے خوفزدہ نہیں ہے، یہ لوگ ذاتی مفادات کے تحفظ اور بدعنوانی کیسز سے ریلیف لینے کیلئے حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں لیکن انہیں کامیابی نہیں ملے گی، پی ڈی ایم نے ذاتی مفادات اور سیاسی فوائد …

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں سے خوفزدہ نہیں ہے، یہ لوگ ذاتی مفادات کے تحفظ اور بدعنوانی کیسز سے ریلیف لینے کیلئے حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں لیکن انہیں کامیابی نہیں ملے گی، پی ڈی ایم نے ذاتی مفادات اور سیاسی فوائد کے حصول کیلئے لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں دھکیل دیا ہے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے حالیہ انتخابات میں پی ڈی ایم کے بیانیے کو بری طرح مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مینڈیٹ دیا ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ صرف وزیراعظم عمران خان ملک میں واحد لیڈر ہیں جو ان کے مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ کورونا وائرس صورتحال کے دوران جلسے کرنے کے حوالے سے اگر اپوزیشن نے قانون کا احترام نہ کیا تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل ہے کہ حکومت کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ موثر طریقے سے وبا کے پھیلاﺅ کو روکا جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں انتخابی اصلاحات متعارف کروانی چاہییں اور ووٹنگ طریقہ کار کو بیلٹ پیپرز کی بجائے شو آف ہینڈ سے تبدیل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان واحد لیڈر ہیں جنہوں نے گزشتہ سینیٹ انتخابات کے دوران پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر اپنی جماعت کے لوگوں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے انہیں جماعت سے نکال دیا تھا لیکن آج تک کبھی کسی دوسری جماعت کے لیڈر نے اپنے ارکان کے خلاف اسطرح کی کارروائی نہیں کی۔

مزید خبریں