اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں سے ملک کے سیاسی حالات تبدیل ہوتے ہوئے نظر نہیں آ رہے، اگر اپوزیشن سمجھتی ہے کہ ان کے جلسوں سے حکومت چلی جائے گی تو یہ بلی کا خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہو گا، حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں کی کوئی پرواہ …
اپوزیشن کا کرپشن کا کاروبار بند ہو چکا ہے،یہ لوگ مال مسروقہ بچانے کیلئے جلسے کر رہے ہیں،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،وفاقی وزیر انسداد منشیات اعظم خان سواتی

مزید خبریں
اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں سے ملک کے سیاسی حالات تبدیل ہوتے ہوئے نظر نہیں آ رہے، اگر اپوزیشن سمجھتی ہے کہ ان کے جلسوں سے حکومت چلی جائے گی تو یہ بلی کا خواب ہے جو کبھی پورا نہیں ہو گا، حکومت کو اپوزیشن کے جلسوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے، پوری کابینہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، اپوزیشن کا کرپشن کا کاروبار بند ہو چکا ہے اور بدعنوان عناصر قانون کے شکنجے میں آئے ہوئے ہیں اسلئے یہ لوگ اپنے مال مسروقہ بچانے کیلئے واویلا کر رہے ہیں، حکومت کسی صورت میں انہیں این آر او نہیں دے گی۔ پیر کو پی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے عوام کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں، اس نازک وقت پر اپوزیشن کا جلسے کرنا افسوسناک ہے، اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے عوام اور ملک کا پیسہ لوٹ کر بیرون ممالک محلات بنائے ہوئے ہیں اسلئے انہیں غریب عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ اعظم خان سواتی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے خلاف کیسز نہیں بنائے، انہوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے، عدالتیں اور قانون ان سے حساب لے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انتخابی اصلاحات کیلئے سنجیدگی کے ساتھ کوششیں کر رہی ہے تاکہ آئندہ کوئی بھی انتخابات پر انگلی نہ اٹھا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم صفدر کس کھیت کی مولی ہیں جو منتخب حکومت کو گھر بھیجنے کی بات کرتے ہیں، یہ لوگ اپنے والدین کی کرپشن چھپانے اور بدنامی کو اچھائی میں بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن اب یہ لوگ عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 1 کروڑ 70 لاکھ ووٹ لیکر جمہوری طریقے کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو پہلے بھی جلسوں میں منہ کی کھانی پڑی کیونکہ عوام ان کے ساتھ نہیں، یہ لوگ ایک دو جلسوں کے بعد خود ہی ٹھنڈے ہو جائیں گے۔ اعظم خان سواتی نے کہا کہ نیب کیسز کے علاوہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ ہر معاملے پر بیٹھنے کیلئے تیار ہے، اپوزیشن جماعتیں ملک اور عوام کی بہتری کیلئے تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین جمہوریت کے نہیں بدعنوانیوں کے چیمپئن ہیں، انہوں نے اپنے ادوار میں بے دردی کے ساتھ قومی خزانے کو لوٹا ہے اور موجودہ حکومت بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی دولت بازیات کرانے کیلئے پر عزم ہے۔








