اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا غیرذمہ دارانہ رویہ عوام کی صحت اور روزگار کا دشمن ہے، عوام اور سیاسی قائدین کی جانب سے حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد نہ کرنے کی وجہ سے وبا کے پھیلائو میں تیزی آنے کے ساتھ ساتھ عوام کی زندگیوں اور لاکھوں لوگوں کے روزگار کو خطرات لاحق ہیں، …
اپوزیشن کا غیرذمہ دارانہ رویہ عوام کی صحت اور روزگار کا دشمن ہے، جس رفتار سے حالات بگڑ رہے ہیں،اگلے دو ہفتوں تک ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہونے کا خدشہ ہے، اسدعمر

مزید خبریں
اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا غیرذمہ دارانہ رویہ عوام کی صحت اور روزگار کا دشمن ہے، عوام اور سیاسی قائدین کی جانب سے حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد نہ کرنے کی وجہ سے وبا کے پھیلائو میں تیزی آنے کے ساتھ ساتھ عوام کی زندگیوں اور لاکھوں لوگوں کے روزگار کو خطرات لاحق ہیں، اس وقت ہسپتالوں کے اندر گنجائش موجود ہے لیکن جس رفتار کے ساتھ حالات بگڑ رہے ہیں، اگلے دو ہفتوں تک ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہونے کا خدشہ ہے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا ایک صدی کے سب سے بڑے کورونا چیلنج کا مقابلہ کر رہی ہے، امریکہ اور یورپ جیسے ممالک سمیت بھارت کی معیشتیں بیٹھ گئی ہیں لیکن ان ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی صورتحال بہت بہتر ہے اور دنیا اس کی گواہی دے رہی ہے، امریکہ کے اقتصادی ماہرین بھی کہہ رہے ہیں کہ اگر امریکہ پاکستان جیسی حکمت عملی اختیار کرتا تو 10 ٹریلین ڈالرز بچا سکتا تھا۔ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان اس وقت عام حالات میں نہیں پھر بھی معیشت چلا رہے ہیں اور کورونا کے باوجود معاشی اشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں، برآمدات سمیت غیرملکی اور مقامی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے، اگر وبا پھیلی تو ساری کامیابی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا دوہرا معیار دیکھ کر حیرانگی ہوئی ہے، ایک طرف سیاسی قائدین عوام سے کہتے ہیں کہ جلسے میں نکلو کورونا کا کوئی خطرہ نہیں اور دوسری جانب بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب کیلئے مہمانوں سے کہا جا رہا ہے کہ کورونا ٹیسٹ کروا کر آئیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کو پتا ہے کہ کورونا کا خطرہ موجود ہے لیکن وہ جان کر ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے عوام کی زندگیوں اور لاکھوں لوگوں کے روزگار کو خطرے میں ڈال رہی ہیں، اگر اپوزیشن کا یہی غیرذمہ دارانہ رویہ برقرار رہا تو کورونا کی دوسری لہر میں پہلے سے کہیں زیادہ نقصان ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے مہنگے منصوبے گردشی قرضے میں اضافے کا سبب ہیں، حکومت گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے آئی پی پیز معاہدوں میں رعایت لینے سمیت جامع اقدامات کر رہی ہے۔








