حکومت لوگوں کی زندگیوں کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے ،وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا

59
کوئی بھی گروہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور ذاتی مفاد کے لئے حکومت پر نہ تو دبائو ڈال سکتا ہے نہ ہی بلیک میل کرسکتا ہے، سینیٹر فیصل واوڈا

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کی زندگیوں کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے لیکن دوسری جانب جب ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اپوزیشن جماعتیں جان بوجھ کر جلسوں کا انعقاد کر کے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں دھکیل رہی ہیں، اپوزیشن عوام کیلئے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کو تحفظ دینے کیلئے جمہوریت کا نام استعمال کر رہی ہیں۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک پر حکمرانی کر رہے تھے آج موجودہ حکومت کو ملک کی ترقی کیلئے مشورے دے رہے ہیں لیکن انہوں نے اپنے ادوار میں عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ نواز شریف کے قومی اداروں کے خلاف بیانیے سے ن لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور اس حوالے سے انہیں اپنی جماعت کے لوگوں کی طرف سے بھی تنقید کا سامنا ہے، ن لیگ کے اکثریتی لوگ ان کے ملک مخالف بیانیے کو سپورٹ نہیں کر رہے اور جماعت سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں اور بدعنوانیوں کی وجہ سے عوام کو مسائل کا سامنا ہے، یہی لوگ حالیہ مہنگائی کے بھی ذمہ دار ہیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ ملک میں کورونا کاپھیلائو تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے اسلئے عوام موجودہ نازک صورتحال میں جلسوں میں جانے سے گریز کریں اور کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کریں، اگر وبا بڑے پیمانے پر پھیلی تو اسے قابو کرنا مشکل ہو گا۔