مصر اور پاکستان کے تعلقات محبت و احترام پر مبنی ہیں، حافظ طاہر محمود اشرفی

251

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مصر اور پاکستان کے تعلقات محبت و احترام پر مبنی ہیں، شیخ الازہر کی طرف سے فرانس میں رسول اکرمﷺ کے توہین آمیز خاکوں کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کرنے کے فیصلے کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کا شیخ الازہر کی خدمت میں پیغام ہے کہ پاکستان ہر ممکن اور ہر سطح پر تعاون کیلئے حاضر ہے ، کشمیر کی صورتحال پر او آئی سی کی قرارداد پاکستان کے موقف کی تائید ہے۔ جامعۃ الازہر اور پاکستان کے مدارس اور جامعات کے درمیان تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا ۔ یہ بات انہوں نے مصر کے سفیر طارق دحروج سے ملاقات کے بعد اپنے ایک بیان میں کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کو عالم اسلام میں ممتاز مقام حاصل ہے۔ پاکستان مسلم امہ کی وحدت اور اتحاد کیلئے ہمیشہ کوشاں رہا ہے ۔ پاکستان انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔انتہا پسند اور دہشت گرد عناصر کے خلاف تمام اسلامی ممالک کو متحد ہونا ہو گا اور ایسے عناصر کے خلاف اقدامات اٹھانے ہوں گے جو انتہا پسندی اور دہشت گردی کی سرپرستی کرتے ہیں ۔ پاکستان میں مصر کے سفیر طارق دحروج نے کہا کہ پاکستان محبت اور پیار دینے کا ملک ہے ۔ پاکستان اور مصر کے رشتے بہت مضبوط ہیں ۔ پاکستان میں عربی زبان کے فروغ اور پاکستانی طلباء آئمہ و خطباء کیلئے جامعۃ الازہر کے مختلف کورسز میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ مستقبل میں پاکستان اور مصر کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے وفود کے تبادلے کئے جائیں گے اور تمام امور پر مشاورت اور تعاون کا عمل جاری رہے گا۔ دریں اثناء چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے کسی ذمہ دار یا اہلکار نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا ۔ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہیں قطعی درست نہ ہیں۔ پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے کہ جب تک فلسطینی ریاست کا قیام نہیں ہوتا اس وقت تک اسرائیل کے حوالہ سے تعلقات کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔ مصر کا عالم اسلام میں اہم کردار ہے جامعۃ الازہر مسلمانوں کا عظیم مرکز ہے ۔جو نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلموں کےلئے مقدس اور تاریخی ہےجو عظیم اسلامی اور تاریخی ثقافت سے وابستہ ہیں ۔ جامعۃ الازہر اور مصر کی حکومت کی طرف سے پاکستان کے علماء ، طلباء کیلئے تعاون قابل تحسین ہے۔