اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان مکمل لاک ڈائون کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہمیں عوام کی صحت کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی بچانا ہے، حکومت کورونا وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے مزید سخت اقدامات اٹھائے گی، کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے اگلے چند دنوں میں حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ پیر کو نجی …
حکومت کورونا وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے مزید سخت اقدامات اٹھائے گی، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان
اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان مکمل لاک ڈائون کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہمیں عوام کی صحت کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی بچانا ہے، حکومت کورونا وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے مزید سخت اقدامات اٹھائے گی، کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے اگلے چند دنوں میں حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرٹیچنگ ہسپتال واقعہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں، ہسپتال میں آکسیجن موجود تھی، سپلائی میں کوئی مسئلہ تھا، حتمی تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز فرنٹ لائن سے مہلک وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں اسلئے سب سے پہلے انہیں ویکسینیشن مہیا کی جائے گی، اس کے بعد65 سال سے زائد عمر کے لوگوں اور پھر عام شہریوں کو دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ویکسین کی خریداری کیلئے ابتدائی طور پر 150 ملین ڈالر مختص کئے ہیں، ضرورت پڑنے پر مزید رقم کی بھی منظوری دی جائے گی، ویکسین کی خریداری کیلئے اس کی افادیت، سیفٹی، قیمت، سپلائی چین کی ریکوائرمنٹس اور دستیابی کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا اور ایک سے زیادہ سورس پر انحصار کیا جائے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر کے بعد زیادہ تر طبی آلات پاکستان میں تیار ہو رہے ہیں اسلئے ہمارے پاس وافر مقدار میں موجود ہیں، ملک میں حفاظتی کٹ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپ کی طرز کا مکمل لاک ڈائون نہیں کر سکتا، ہمیں عوام کی صحت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں کو بھی دیکھنا ہے تاکہ دیہاڑی دار اور مزدور طبقے پر مزید دبائو نہ پڑے، تعلیمی اداروں کو بھی بند کر دیا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں حکومتی فیصلوں کے اثرات نظر آنا شروع ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ڈاکٹر ظفرمرزا اپنے بیان کے حوالے سے بہتر بتا سکتے ہیں، مجھے حکومت کی طرف سے ہر طرح کی سپورٹ مل رہی ہے۔









