سیاسی سرگرمی آئینی حدود میں ہو تو جمہوریت کو مضبوط کرتی ہے، سیاست ہوتی رہے گی لیکن فی الحال انسانی زندگیاں بچانا زیادہ اہم ہے، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ سیاسی سرگرمی آئینی حدود میں ہو تو جمہوریت کو مضبوط کرتی ہے، کورونا بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، کورونا کی وجہ سے انسانوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، سیاست ہوتی رہے گی لیکن فی الحال انسانی زندگیاں بچانا زیادہ اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل …

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ سیاسی سرگرمی آئینی حدود میں ہو تو جمہوریت کو مضبوط کرتی ہے، کورونا بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، کورونا کی وجہ سے انسانوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، سیاست ہوتی رہے گی لیکن فی الحال انسانی زندگیاں بچانا زیادہ اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنما اقتدار کی ہوس میں اس قدر آگے بڑھ چکے ہیں کہ ان کے سامنے انسانی زندگیوں کی کوئی قدر و قیمت نہیں رہی۔ ایک سوال کے جواب میں علی محمد خان نے کہا کہ کتنے لوگ استعفیٰ دیں گے اور کتنے نہیں یہ بعد کی بات ہے، جن نشستوں سے استعفیٰ دیا جائے گا ان نشستوں پر الیکشن کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتوں نے استعفے دینے ہیں تو نیک کام میں دیر کیسی؟ اپوزیشن رہنمائوں نے اگر استعفے دینے ہیں تو جلد از جلد دیں تاکہ ان نشستوں پر دوبارہ الیکشن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ استعفوں سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، وزیراعظم عمران خان پاکستان اور پاکستان کی عوام کے لئے کھڑے ہیں، حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے، ہم اس ملک کو ٹھیک کرنے نکلے ہیں اور بلیک میل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے جو بات کی وہ سنجیدہ سیاست کی عکاس نہیں ہے، اپوزیشن جماعتوں کے رہنماء ہمارے بھائی ہیں، ان کے ساتھ ہماری کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ کابینہ میٹنگ میں اپوزیشن کے ساتھ رابطہ کا ذکر نہیں ہوا، سیاست میں رابطے ہوتے ہیں لیکن عوام کی فلاح اور عوام کی زندگیاں بچانے کے لئے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی کرپشن، اقرباء پروری کی وجہ سے پاکستان کی یہ حالت ہے، آج کی اپوزیشن ہائبرڈ ہے، یہ کرپٹ اور سنگدل اپوزیشن ہے جو اپنی سیاست بچانے کے لئے پاکستانی عوام کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہی ہے۔