پاکستانی عوام سعودی عرب جیسے مخلص دوست ملک پر فخر محسوس کرتے ہیں،گورنرشاہ فرمان

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے کہا ہے کہ اسلامی برادر ممالک پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی لازوال اور بے مثال ہے، پاکستانی عوام سعودی عرب جیسے مخلص دوست ملک پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اسلام اباد میں منعقدہ سعودی عرب کے کنگ سلمان ریلیف پاکستان کی طرف سے خیبرپختونخوا کے سرد ترین علاقوں کے لئے ونٹر …

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے کہا ہے کہ اسلامی برادر ممالک پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی لازوال اور بے مثال ہے، پاکستانی عوام سعودی عرب جیسے مخلص دوست ملک پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اسلام اباد میں منعقدہ سعودی عرب کے کنگ سلمان ریلیف پاکستان کی طرف سے خیبرپختونخوا کے سرد ترین علاقوں کے لئے ونٹر ریلیف پیکج کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ آج کی یہ تقریب اصل میں پاکستان اور سعودی عرب کے لوگوں کی آپس میں پیار کی ایک زندہ مثال ہے، دونوں ممالک کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں جس فراخ دلی کے ساتھ دوستی نبھائی ہے وہ ناقابل فراموش ہے اورپاکستانی قوم اسے انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ گذشتہ روایت کو مد نظر رکھتے ہوئے مستحق افراد میں ونٹر ریلیف پیکج کی تقسیم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سردی کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے شاہ سلمان کے فلاحی امدادی ادارے نے مستحقین کے لئے 45100 رضائیاں جبکہ 22550 گیٹس جن میں مردانہ و زنانہ گرم شالیں، بچوں اور بڑوں کے لیے گرم ملبوسات شامل ہیں جس کی مجموعی لاگت 20 کروڑ روپے سے زائد ہے جو کہ NDMA، حکومت خیبر پختونخوا اور پاکستانی غیر سرکاری تنظیم کے تعاون سے ضلع چترال,سوات اور شانگلہ کے سرد ترین یونین کونسل میں نہایت منظم اور شفاف طریقے سے تقسیم کیا جائے گا جس سے مجموعی طور پر 135300 افراد مستفید ہوں گے۔