پاکستان میں سوشل میڈیا کے حوالے سے قواعد و ضوابط ہونے چاہئیں، سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف احمد جواد نے کہا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا کے حوالے سے قواعد و ضوابط ہونے چاہئیں، سوشل میڈیا پر بدزبانی یا بدتہذیبی کے کلچر کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے، سوشل میڈیا کو ملکی قانون کے تحت چلایا جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ …

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف احمد جواد نے کہا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا کے حوالے سے قواعد و ضوابط ہونے چاہئیں، سوشل میڈیا پر بدزبانی یا بدتہذیبی کے کلچر کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے، سوشل میڈیا کو ملکی قانون کے تحت چلایا جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ سیاست میں شدت رہی ہے، پہلے سیاسی جماعتوں کے رہنما اپنے مخالفین کے خلاف بات کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سوشل میڈیا نہیں تھا، اب سوشل میڈیا آ گیا ہے، 8 کروڑ سے زائد سوشل میڈیا کے سبسکرائبر ہیں اور لوگ کسی بھی ایشو کے بارے میں علم نہ ہونے کے باوجود اس پر رائے دیتے ہیں اور اپنی رائے دینے میں تہذیب کا خیال نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ڈھنگ اور تمیز سے بات کرنے والوں کی تعداد کم ہے، ہمیں سوشل میڈیا ریگولیشنز کی طرف جانا ہوگا۔ احمد جواد نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بدتہذیبی ایک معاشرتی مسئلہ ہے اور جو لوگ سوشل میڈیا پر بدتہذیبی کا مظاہرہ کرتے ہیں وہ دراصل اپنی تربیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو بھی دیگر میڈیا کی طرح ملکی قانون کے تحت چلایا جانا چاہیے اور سوشل میڈیا کو بھی دیگر میڈیا کی طرح ہی ریگولیٹ کیا جانا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بہت سی سرگرمیوںکو مؤخر کیا گیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو بھی اپنے جلسوں کو موجودہ وبائی صورتحال میں مؤخر کر دینا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں احمد جواد نے کہا کہ الیکشن کمیشن خود مختار ادارہ ہے اور جو بھی نشست خالی ہو چاہے وہ وفاق میں ہو یا صوبائی ہو اس پر انتخاب کرا سکتا ہے، اسی طرح اگر اپوزیشن اراکین استعفے دیں گے تو ان خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کرایا جائے گا۔