اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے بدھ کو ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کوویڈ 19 کی صورتحال اور پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کوویڈ 19 کے صحت اور معیشت پر اثرات کی روک تھام کے لئے …
وزیراعظم عمران خان اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کی ٹیلی فون پر گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے بدھ کو ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کوویڈ 19 کی صورتحال اور پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کوویڈ 19 کے صحت اور معیشت پر اثرات کی روک تھام کے لئے پاکستان کی پالیسی اور سمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے پاکستان کی قومی سطح پر مربوط کوششوں سے آگاہ کیا جن کا مقصد لوگوں کو وائرس اور افلاس سے مرنے سے بچانا ہے۔ کوویڈ 19 کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے وزیراعظم نے اسی طرح کے اقدامات کے ذریعے کورونا کی دوسری لہر سے بچنے کے لئے حکومت کے عزم کا ذکر کیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ایس او پیز پر عملدرآمد زیادہ چیلنج ہے۔ وزیراعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کی طرف سے احساس پروگرام کی مسلسل حمایت کو سراہا، اس پروگرام سے پاکستان کے غریب ترین افراد کو صحت، غذائیت اور مالیاتی تعاون کے تجربے سے مستفید ہونے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے تمام ترقی پذیر ممالک کو کوویڈ 19 کی ویکسین کی موثر اور محفوظ دستیابی کے لئے گیٹس فاؤنڈیشن کی بھرپور حمایت کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پولیو کے خاتمے کے لئے پاکستان کی ہنگامی انتظامی استعداد بڑھانے میں گیٹس فاؤنڈیشن کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں پولیو کی روک تھام کے لئے چلائی جانے والی مہم کو تیز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور ان کی ٹیم پولیو کے خاتمے کے لئے گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ رابطہ جاری رکھے گی۔ بل گیٹس نے کوویڈ 19 کی وباء کی روک تھام اور معیشت کی ترقی کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے اور کوویڈ 19 کی وبا کی روک تھام کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔








