اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بربریت کو رکوانے اور کشمیریوں کو جبرو استبداد سے نجات دلانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔جمعرات کو وزارت خارجہ میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کی حالت زار کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ …
عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بربریت کو رکوانے اور کشمیریوں کو جبرو استبداد سے نجات دلانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

مزید خبریں
اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بربریت کو رکوانے اور کشمیریوں کو جبرو استبداد سے نجات دلانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔جمعرات کو وزارت خارجہ میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کی حالت زار کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج ہم انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہے ہیں مگر کشمیریوں کے بنیادی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں،کشمیریوں کو مکمل طور پر محصور بنا دیا گیا ہے،بھارت، جو دنیا کی بڑی جمہوریت کا دعویدار وہ امتیازی قوانین نافذ کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شدت پسندی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے تعلیم یافتہ اور یورپ جیس مہذب معاشروں میں اس کا بڑھنا تشویش ناک ہے ۔آج سے 72 سال قبل اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کا عالمی ڈیکلریشن منظور کیا۔انسانی حقوق کا عالمی منشور، ہر فرد کے ناقابل تنسیخ حقوق کی حمایت اور انہیں آزادی کی فراہمی کا اعلان کرتا ہے۔ یہ امر قابل مذمت اور انتہائی تکلیف کا باعث ہے کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ کشمیر وہ جگہ ہے جہاں انسانی حقوق نام کی کوئی چیز موجود نہیں – کشمیری ناقابل بیان جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں – یہ ایک بہت بڑا انسانی المیہ بن چکا ہے ۔بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں عالمی قوانین، عالمی انسانی حقوق، عالمی قراردادوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔1989 سے اب تک 22,917 خواتین بیوہ ہو چکی ہیں – 11,214 خواتین کی آبروریزی کی گئی 107,797 بچے یتیمی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ان کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔5 اگست 2019 کے بعد یہ صورت حال مزید گھمبیر ہو چکی ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کوئی مائی کا لال کشمیر کا سودا کر کے زندہ نہیں رہ سکتا ، کوئی خوددار شخص ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔میں کشمیری عوام بالخصوص خواتین کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔جب ہم انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہے ہیں میں عالمی برادری سے کہوں گا کہ وہ مظلوم کشمیری خواتین پر ہونیوالے مظالم کا نوٹس لیں۔عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم عالمی قوانین کی روشنی میں انسانیت کے خلاف جرائم ہیں ان جرائم کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جانا چاہئے،غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انتہائی افسوسناک صورتحال عالمی سطح پر تسلیم شدہ انسانی حقوق اور اقدار کے منافی ہے ۔مجھے یقین ہے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں خواتین کے خلاف جرائم، مظالم اورانسانی حقوق کی درپیش صورتحال دنیا کا ضمیر جگانے کے لئے کافی ہے۔








