پاکستان ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے‘ تیاریاں متاثر ہونے کے باوجود نیوزی لینڈ میں عمدہ کارکردگی کے لئے پرعزم ہیں۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق

98

کوئنز ٹائون ۔11دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ ہم نے مشکل وقت میں کھیل کیلئے قربانی دی ہے‘ امید ہے سب ایسی قربانیاں دیں گے تاکہ کھیل جاری رہے ‘ نیوزی لینڈ ایک سخت حریف ہے‘ کیویز کے دیس میں مہمان ٹیموں کو ہمیشہ مشکلات پیش آتی ہیں‘ پاکستان ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں اور سب جیت کے لئے پرعزم ہیں‘ پاکستانی بولرز صلاحیتوں کے مطابق کھیلے تو حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ جمعہ کو پاکستانی میڈیا سے آن لائن گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہاکہ نیوزی لینڈ میں مشکلات ضرور پیش آئیں لیکن اب وہ وقت گزر چکا ہے اور ہمارا فوکس کرکٹ پر ہے اور جو کمی رہ گئی ہے اس کو پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین ہفتے کا کام ایک ہفتے میں کرنا مشکل ضرور ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا ناممکن نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم پروفیشنل کرکٹرز ہیں۔ خراب کارکردگی کی معذرت پیش نہیں کی جا سکتی تاہم یہ سب کے سامنے ہے کہ ہمیں تیاری کا وقت کم ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت سب نے گزار لیا ہے، اب 14 روز کا قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد اب ہم آزادانہ گھوم پھر سکتے ہیں۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی کنڈیشنز میں ایک ٹف ٹیم ضرور ہے تاہم ہمیں بھی خود پر اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے اور اس کے لئے سب تیاری کر رہے ہیں اور سیریز کے منتظر ہیں۔ مصباح الحق نے کہا کہ ٹور کو جاری رکھنے کے حوالے سے سوچ بچار ضرور ہوئی تھی، اس حوالے سے بورڈ حکام سے بھی بات ہوئی لیکن ہم نے سوچا کہ اب وقت تو گزر چکا ہے، اب اگر آئے ہیں تو کرکٹ کھیلنی چاہیے اور جیتنے کے لئے کھیلنی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے مشکل وقت میں قربانیاں دی ہیں، ہم نے فینز کے لئے کھیل کو جاری رکھنے کی قربانی دی ہے، ہمیں امید ہے کہ سب ایسی قربانیاں دیں گے تاکہ کھیل جاری رہے اور مشکل اوقات میں شائقین گھر بیٹھ کر کھیل سے لطف اندوز ہو سکیں۔ مصباح الحق نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ بائیو سیکور ببل اور آئسولیشن جیسی صورتحال میں کھیلنا کوئی آسان نہیں ہے ۔ مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے پاس لوکی فرگوسن کی شکل میں ایک تیز رفتاری سے بولنگ کرنے والا بولر ہے تو ہمارے پاس بھی تین چار بولرز ہیں جو بڑی تیز رفتاری کے ساتھ بولنگ کر سکتے ہیں۔ اگرچہ ان میں تجربہ اتنا نہیں ہے لیکن مہارت اور تیز رفتاری میں کم نہیں ہیں۔مصباح الحق نے کہا کہ ہمارے بیٹسمین چیلنج ہوں گے تو نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں کو بھی ہمارے بولرز مشکل میں ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے نیوزی لینڈ میں قوانین سخت ہیں، ہم ان قوانین کا احترام کرتے ہیں اور ہم نے احترام کیا بھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے آئسولیشن کے دوران ٹیسٹ مثبت آئے اور ہم ٹریننگ نہ کر سکے اور جو کووڈ 19 پروٹوکولز کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بتایا گیا وہ دانستہ طور پر غلطیاں نہیں کی گئی تھیں۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ نے بھی وضاحت کی اور اس کے کوئی خلاف ورزی بھی نہیں ہوئی۔