پی ڈی ایم لاکھ جلسے کر لے احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، لاہور میں پی ڈی ایم کا شو فلاپ رہا، ان کے جلسے کو عوام نے مسترد کر دیا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم لاکھ جلسے کر لے احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، لاہور میں پی ڈی ایم کا شو فلاپ رہا، ان کے جلسے کو عوام نے مسترد کر دیا، اپوزیشن جماعتیں حکومت سے استعفے لینے آئی تھیں اور اب استعفے دینے پر آ گئی ہیں، اپوزیشن کو چوری …

اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم لاکھ جلسے کر لے احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، لاہور میں پی ڈی ایم کا شو فلاپ رہا، ان کے جلسے کو عوام نے مسترد کر دیا، اپوزیشن جماعتیں حکومت سے استعفے لینے آئی تھیں اور اب استعفے دینے پر آ گئی ہیں، اپوزیشن کو چوری کا حساب دینا ہوگا، وزیراعظم عمران خان اپنے فیصلے خود کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کبھی (ن) لیگ کا گڑھ سمجھا جاتا تھا، یہ لوگ اپنے ذاتی مفاد کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان کے جلسے کو لاہور کی عوام نے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ مکمل ناکام ہو گیا، نواز شریف نے اپنی پارٹی کو تباہ کر دیا ہے، نواز شریف خود کو اور اپنے خاندان کو بچانا چاہتے ہیں، کل ان کے پلیٹ فارم سے لاہوریوں کے خلاف بات ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کا گزشتہ روز ہونے والا شو انتہائی کمزور تھا، انہیں پتہ چل گیا ہے کہ یہ کچھ نہیں کر سکتے، پاکستان کے عوام باشعور ہیں، ذاتی مفاد کے لئے لڑی جانے والی جنگ کی عوام حمایت نہیں کرتے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ (ن) لیگ کے قائدین نے اپنے دور حکومت میں ملک کی دولت کو بے رحمی سے لوٹا اور بیرون ملک جائیدادیں بنائیں اور اب عدالتوں سے مفرور قرار دیئے جانے کے بعد بیرون ملک جا کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ان کو چور اور لٹیرے نہیں کہیں گے تو اور کیا کہیں گے؟، نواز شریف عدالتوں سے مفرور قرار دیئے جا چکے ہیں، نواز شریف اپنے اثاثوں کے بارے میں جواب دینے کے بجائے ملک سے بھاگ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت سے استعفے لینے آئی تھیں اور اب استعفے دینے پر آ گئی ہیں، عوام نے نواز شریف کے بیانیہ اور ان کے ذاتی مفادات کی جنگ کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے فیصلے خود کرتے ہیں، اپوزیشن کو چوری کا حساب دینا ہوگا، وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کی چوری کا حساب لیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ پارلیمنٹ بہترین فورم ہے، اپوزیشن پارلیمنٹ میں آئے اور وہاں بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر سیاست میں آئے، نواز شریف کو وطن واپس آ کر خود کو قانون کے حوالے کرنا چاہیے۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی چوری بچانے کے لئے جلسے کر رہی ہیں، پی ڈی ایم لاکھ جلسے کر لے احتساب کے عمل پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ان کو اپنی کرپشن اور ملک کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں احتساب کے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں لیکن ایسا نہیں ہوگا۔