پی ڈی ایم کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہو گی،سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ختم ہو چکی ہے اور ان کی حکومت مخالف تحریک فلاپ ہو گئی ہے، یہ لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اسلئے کچھ بھی کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن ان کی پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہو گی، اپوزیشن جماعتوں کو 2023ءانتخابات …

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ختم ہو چکی ہے اور ان کی حکومت مخالف تحریک فلاپ ہو گئی ہے، یہ لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اسلئے کچھ بھی کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن ان کی پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہو گی، اپوزیشن جماعتوں کو 2023ءانتخابات میں بھی شکست ہو گی اور یہ لوگ پھر سڑکوں پر ہوں گے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں لانگ مارچ کرنا چاہتی ہیں تو شوق سے کریں، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ خون خرابا ہو لیکن حکومت ان کو اسلام آباد آنے سے نہیں روکے گی۔ فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے نکلی ہوئی ہیں اور تسلسل کے ساتھ قومی اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان کی ساری تحریک کا ہدف کرپشن کیسز معاف کرانا اور این آر او لینا ہے اسی لئے کبھی کراچی، کبھی لاہور، کبھی مردان اور گڑھی خدابخش جاتے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان انہیں کسی صورت میں این آر او نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے وزیراعظم عمران خان سے استعفے کے مطالبے پر کہتے ہیں کہ آپ کے مطلوبہ نمبر سے فی الحال رابطہ ممکن نہیں ہے، آپ کا نمبر عوام کی خدمت میں مصروف ہے، برائے مہربانی تین سال بعد کوشش کریں، اپوزیشن جماعتوں کو 2023ءانتخابات میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اور یہ لوگ دوبارہ سڑکوں پر ہوں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی کوئی سیاسی جدوجہد نہیں ہے، نواز شریف جنرل ضیاءالحق اور جنرل جیلانی کی پیداوار ہیں، نواز شریف پہلے اقتدار میں آئے پھر ان کی جماعت بنی، اسی طرح پیپلزپارٹی پہلے جنرل ایوب کی کابینہ کا حصہ تھی بعد میں جماعت بنی، وزیراعظم عمران خان پاکستان کے واحد لیڈر ہیں جو 22 سال طویل جدوجہد کے بعد اقتدار میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت، تمام قومی ادارے، عوام اور میڈیا ایک پیج پر ہیں جس کی وجہ سے اپوزیشن جماعتوں کو تکلیف ہے، سابق حکمرانوں نے اپنے ادوار میں صرف لوٹ مار کی اور اداروں کو کمزور کیا۔ فیصل جاوید نے کہا کہ یورپین یونین ڈس انفو لیب کے انکشافات میں ساری باتیں عیاں ہو گئی ہیں کہ کسطرح سے پاکستان کے خلاف سازشیں اور پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، اپوزیشن کا بیانیہ کس سے ملتا ہے، نواز شریف نے اپنے دور حکومت کے دوران اپنا ایک نمائندہ اسرائیل بھیجا وہ بات بھی کھل گئی ہے، یہ لوگ قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں۔

مزید خبریں