نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر تنقید جائز ہے، ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق

کرائسٹ چرچ۔7جنوری (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید جائز ہے، یہ تنقید درست ہو رہی ہے‘ نیوزی لینڈ کے خلاف توقعات کے مطابق نہ کھیلنے پر افسوس ہے‘ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ہر شعبے میں بہتری لانے کا ایک اچھا موقع ہے‘ ہوم کنڈیشنز اور حریف ٹیم کو …

کرائسٹ چرچ۔7جنوری (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید جائز ہے، یہ تنقید درست ہو رہی ہے‘ نیوزی لینڈ کے خلاف توقعات کے مطابق نہ کھیلنے پر افسوس ہے‘ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ہر شعبے میں بہتری لانے کا ایک اچھا موقع ہے‘ ہوم کنڈیشنز اور حریف ٹیم کو سامنے رکھ کر ضروری تبدیلیوں کے بارے میں دیکھیں گے۔ جمعرات کو گفتگو کرتے ہو ئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے فائٹ کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، مشکل صورتحال میں میچ کو آخری 5 اوورز تک لے کر گئے۔ شائقین جب آپ سے مقابلے کی توقعات وابستہ کرتے ہیں تو آپ توقعات پر پورا نہیں اترتے تو تنقید درست ہو تی ہے، ہم نے صلاحیتوں سے کم تر کھیل پیش کیا ‘ اس لئے تنقید بنتی ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے تینوں شعبوں میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا، ہمیں آئندہ ایسی صورتحال سے نکلنا ہے کیونکہ کسی بھی کھیل میں مقصد جیت ہوتا ہے اور جب جیت حاصل نہ ہو تو مایوسی ہوتی ہے، توقعات کے مطابق نہ کھیلنے پر افسوس ہوتا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ہم اس دورے میں اچھا کر سکتے تھے، ہمارے پاس کئی مواقع آئے لیکن ہم نے ان سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں ایسا ہوتا ہے لیکن یہ دیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہمارے ساتھ ایسا کیوں ہوتا ہے، ہم میچز کو قریب لے کر جا سکتے تھے لیکن ایسا نہیں کر پا رہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ڈراپ کیچز ہمارا پہلے بھی مسئلہ رہا ہے اور یہاں بھی ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ڈراپ کیچز ہی تھا، ہمیں اپنی فیلڈنگ میں بہتری لانا ہے اس سیریز میں چانس مس کرنے سے بہت فرق پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اب قومی ٹیم کو ہوم سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنا ہے، یہ ہمارے لئے ہر شعبے میں بہتری لانے کا ایک اچھا موقع ہے‘ اچھا کھیل کر اعتماد کو بحال کرنا ہے جو غلطیاں کیں ان کا جائزہ لے کر آگے بڑھنا ہے، ہوم کنڈیشنز اور حریف ٹیم کو سامنے رکھ کر ضروری تبدیلیوں کے بارے میں دیکھیں گے۔