سٹیٹ بینک سکیم کے تحت 6 کھرب 57 ارب 15کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے قرضے ایک سال کے لئے موخر

51
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی کوششوں میں سٹیٹ بینک کی قرضہ موخرو ری شیڈول کرنے کی سکیم کے تحت اب تک 6 کھرب 57 ارب 15کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے قرضوں کو ایک سال کے لئے موخر کر دیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعداد وشمارکے مطابق اصل زر کی ادائیگی ایک سال کے لئے موخر کرنے کی سکیم کے تحت 15 جنوری 2021 تک سٹیٹ بینک کو1,692,883 درخواستیں موصول ہوئیں جن کے ذمہ واجب الادا قرضہ کا حجم 25 کھرب 28 ارب 81کروڑ60لاکھ روپے ہے، ان میں سے 1,631,257درخواستوں کی منظوری دی گئی ہے اور 6 کھرب 57 ارب 15کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے قرضوں کو ایک سال کے لئے موخرکردیا گیا۔ اسی طرح اس سکیم کے تحت 2 کھرب 25 ارب 49 کروڑ روپے سے زیادہ کے قرضوں کی ری سٹرکچرنگ،ری شیڈولنگ کی منظوری دی گئی ہے۔اس سکیم کے تحت صارف قرض کا اصل زر ایک سال موخر کرنے کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔ یہ سہولت ان صارفین کے لئےہے جن کی ادائیگی 31 دسمبر 2019 تک باقاعدہ ہوچکی ہو،قرض ادائیگی موخر کرنے پر بینک کوئی فیس یا سود چارج نہیں کرتے۔ بینکس اس دوران صرف سود یا منافع کی وصولی کر سکیں گے جو صارفین سود یا منافع کی رقم ادا نہ کرسکیں وہ ری سٹرکچر کی درخواست کرسکتے ہیں۔ قرضوں کو موخر یا ری شیڈول کرنے سے کریڈٹ ہسٹری متاثر نہیں ہوتی۔