پی ایس ایل، اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے ہرا دیا

77

ابوظہبی۔13جون (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز 28 رنز سے ہرا دیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 152 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ آصف علی نے 75 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں 124 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ محمد موسیٰ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

آصف علی کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ اتوار کو شیخ زید سٹیڈیم، ابوظہبی میں کھیلے گئے لیگ کے 20 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ 20 کے مجموعی سکور پر 5 وکٹیں گر جانے کے بعد مڈل آرڈر بلے باز آصف علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 43 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 75 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔ افتخار احمد 49 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

جیمز فوکنر نے تین اور شاہین آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ لاہور قلندرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 124 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ فخر زمان 44 اور کپتان سہیل اختر 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد موسیٰ نے تین جبکہ فواد احمد اور شاداب خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔