این ایل سی کی گاڑیاں برآمدی سامان لے کر ترکی اور آذربائیجان پہنچ گئیں، دونوں ملکوں میں پرجوش استقبال

127

راولپنڈی۔10اکتوبر (اے پی پی):بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ (ٹی آئی آر) کے تحت کراچی سے برآمدی سامان لے کر این ایل سی کی گاڑیاں ترکی اور آذربائیجان پہنچ گئی ہیں۔ ترکی کے شہراستنبول اور آذربائیجان کے دارالحکومت باکو آمد پردونوں ممالک کے سرکاری عہدیداروں اور معروف کاروباری شخصیات نے گاڑیوں کے قافلوں کا استقبال کیا۔

نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خطے کے برادر ممالک کے درمیان بذریعہ سڑک رابطے کے قیام کے تاریخی موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ استنبول کے مرات بے کسٹم پوسٹ میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں ترکی کی وزارت ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر، وزارت تجارت، چیمبر آف کامرس اینڈ کموڈٹی ایکسچینج آف ترکی، اسلامی تعاون تنظیم سیکرٹریٹ اور ایرانی وزارت ٹرانسپورٹ کے سینئر اہلکاروں نے شرکت کی۔

ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی اور جنیوا میں مقیم بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ (آئی آر یو) کے سیکرٹری جنرل امبرٹو ڈی پریٹو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شرکاء نے این ایل سی کی اس کاوش کو خطے کی منڈیوں کے درمیان روابط کومضبوط بنیادوں پر استوار کرنے اور پاک ترکی تجارت کو بڑھانے کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ پاکستانی سفیر نے جیو اکنامکس سے متعلق حکومت پاکستان کی ترجیحات اور اس مقصد کے حصول کے لیے علاقائی روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اہم پیش رفت پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی تعلقات کو اور مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی آئی آر کے آپریشنل ہونے سے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے لیے لاگت اور سامان کی ترسیل کے دورانیہ میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔

واضح رہے کہ اسی نوعیت کی ایک تقریب باکو ہلٹن میں بھی منعقد کی گئی۔ تقریب میں آذربائیجان کے سرکاری محکموں کے اعلٰی حکام، کسٹمز، ٹرانسپورٹ سروس، ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن، برآمد کنندگان اور لاجسٹکس کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انھوں نے بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کے تحت چلائی جانے والی سروس کے آغاز میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ دونوں سفیروں نے برادر ممالک کے درمیانی سڑک رابطے کے قیام کے لیے این ایل سی کی کوششوں کی تعریف کی۔ سفیروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹی آئی آر آپریشنز کو مزید آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

آذربائیجان کی روڈ ٹرانسپورٹ سروس کے ڈپٹی ہیڈ انار رضائیف نے این ایل سی کو باہمی تجارت بڑھانے اور کاروباری برادری کو نئی راہوں سے روشناس کر نے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹی آئی آر آذربائیجان کو مشرق اور مشرق بعید سے منسلک کرنے میں بے حد سہولت فراہم کرے گا جبکہ پاکستانی برآمد کنندگان کو آذربائیجان کے یورپ، روس اور دیگر وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ قائم تعلقات سے استفادہ ملے گا۔

دونوں ممالک کے ساتھ این ایل سی کے ٹی آئی آر آپریشن کو کامیاب بنانے میں ایرانی محکمہ ٹرانزٹ اینڈ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ، روڈ مینٹیننس اینڈ ٹرانسپورٹیشن آرگنائزیشن اور وزارت روڈ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ نے بھرپور کردار اداکیا ہے۔