اقوام متحدہ۔20اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نےاسرائیل فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ اور اس کے اطراف علاقوں میں اس وقت تک پائیدار امن قائم نہیں ہو گا جب تک فلسطین اور کشمیر کے عوام غیرملکی قبضے میں مشکلات کا سامنا کرتے رہیں گے ،حالیہ دہائیوں میں انتہا پسندی اور دہشت گردی میں اضافہ …
فلسطین اور کشمیر پر غیرملکی قبضے تک پائیدارامن قائم نہیں ہو سکتا، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا سلامتی کونسل میں خطاب

مزید خبریں
اقوام متحدہ۔20اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نےاسرائیل فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ اور اس کے اطراف علاقوں میں اس وقت تک پائیدار امن قائم نہیں ہو گا جب تک فلسطین اور کشمیر کے عوام غیرملکی قبضے میں مشکلات کا سامنا کرتے رہیں گے ،حالیہ دہائیوں میں انتہا پسندی اور دہشت گردی میں اضافہ کی بڑ ی وجہ فلسطینیوں ، کشمیریوں اور دیگر مقبوضہ مسلم آبادیوں پر ظلم و جبرہے۔
گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ظلم و جبراور ناانصافیوں کے خاتمہ اوردہشت گردی کو شکست دینے کی ضرورت ہے ،انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی ۔ اسرائیلی تنازعہ کا واحد حل دو ریاستی حل ہے جس میں ایک خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے جس کا دارلحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی کارروائیاں سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں ۔ انہوں نے کہا اسرائیلی آبادی کاری کے لیے فلسطینی زمینوں اور جائیدادوں پراسرائیلی قبضہ ، نہتے اور معصوم فلسطینی بچوں، خواتین اور نوجوانوں پر تشدد ، غزہ کی بندش اور مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی جارہی ہے ۔
منیر اکرم نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے فلسطینی جدوجہد جائز ہے ، فلسطینی عوام پر اسرائیلی جبر ناجائز اور غیرقانونی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک اسرائیلی کا قبضہ ہے ، فلسطین میں امن قائم نہیں ہو گا ، فلسطینی عوام اور ان کی مستقبل کی ہر نسل اپنی آزادی،بنیادی حقوق اور اپنے حق خودارادیت کے لیے ثابت قدم اور پر عزم رہے گی ۔








