اقوام متحدہ۔26اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین اقوام متحدہ کے امن و سلامتی اور انسانی حقوق کے کے ایجنڈے پر مسلسل تعاون کررہے ہیں ،چین اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کا احترام کرتا ہے اور کثیرالجہتی کو فروغ دینے میں ایک ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔
چین کی اقوام متحدہ میں قانونی نشست کی بحالی کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پرپیر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تصویری نمائش میں شرکت کرنے کے بعد چینی خبر رساں ادارے شنہوا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ کثیرالجہتی کا مرکز اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصول ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی نظام کی بنیاد طاقت کا استعمال نہ کرنا، ریاست کی خودمختاری کا احترام، اندرونی معاملات میں عدم مداخلت، ریاستوں کی علاقائی سالمیت سمیت کچھ بنیادی اصولوں پر ہے اور جب تک ان اصولوں کا احترام کیا جائے گا دنیا میں امن قائم رہ ہوسکتا ہے لیکن جب ان اصولوں کی خلاف ورزیاں جیسے یکطرفہ جبر و ظلم کی کوششیں، غیر ملکی قبضے کی کوششیں ہوتی ہیں دنیا میں پرمشکلات پیدا ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین ان اصولوں پر اس وقت سے عملدرآمد کر رہا ہے جب وہ اقوام متحدہ کا حصہ بھی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ ہم دنیا میں کئی تنازعات اور مسائل دیکھے ہیں اور چین نے اقوام متحدہ میں آنے کے بعدتنازعات کی صورت میں ان اصولوں کا مسلسل احترام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ان تمام سالوں سے چین کا مستقل دوست اور شراکت دار ہونے پر بہت فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین اقوام متحدہ کے امن و سلامتی اور انسانی حقوق کے ایجنڈے پر مسلسل تعاون کررہے ہیں اور ان تمام معاملات پر ہمارا قریبی تعاون ہے اور ہم مل کر اقوام متحدہ کے استحکام کو فروغ دیں گے۔.