مشرق وسطیٰ میں حقیقی امن و استحکام کا دارومدار مسئلہ فلسطین کے حل پر ہے، چینی وزیر خارجہ کی فلسطینی نائب وزیر اعظم سے ٹیلیفونک گفتگو

74
مشرق وسطیٰ میں حقیقی امن و استحکام کا دارومدار مسئلہ فلسطین کے حل پر ہے، چینی وزیر خارجہ کی فلسطینی نائب وزیر اعظم سے ٹیلیفونک گفتگو

بیجنگ۔24نومبر (اے پی پی):چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے فلسطین کے نائب وزیر اعظم ضیاد ابو امر کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق ٹیلیفونک گفتگوکے دوران فلسطینی نائب وزیر اعظم نے مسئلہ فلسطین کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ چین مشرق وسطیٰ کے تنازعات بالخصوص مسئلہ فلسطین کے حل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،

فلسطین چین کی تجویز کو بہت اہمیت دیتا ہے اور امید کرتا ہے کہ مسئلہ فلسطین پر چین کے ساتھ ہم آہنگی اور رابطے کو مضبوط کیا جائے گا،تاکہ مسئلہ فلسطین کے جلد منصفانہ حل کو فروغ دیا جائے۔

وانگ یی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین ہمیشہ سے مشرق وسطیٰ کا بنیادی مسئلہ رہا ہے ، مشرق وسطیٰ میں حقیقی امن و استحکام کا دارومدار مسئلہ فلسطین کے حل پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے خیال میں سب سے پہلے فلسطین نیشنل اتھارٹی کے اختیار کو مضبوط بنایا جائے، اسے سکیورٹی، مالیات اور دیگر شعبوں میں قومی سالمیت سے وابستہ امور انجام دینے کے لیے بااختیار بنایا جائے تاکہ خود مختاری سمیت مقبوضہ علاقوں پر موثر کنٹرول حاصل کیا جا سکے۔

دوسرا فلسطین میں تمام فریقوں کی حمایت کی جائے تاکہ اتحاد کو مضبوط ، مشاورت اور بات چیت کے ذریعے اندرونی مفاہمت کے حصول سے ایک متفقہ مذاکراتی پوزیشن بنائی جائے۔ تیسرا مسئلہ فلسطین سے متعلق ’’دو ریاستی حل‘‘ کی بنیاد پر امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے اسرائیل کو ترغیب دی جائے۔

وانگ یی نے کہا کہ چین بین الاقوامی امن کانفرنس بلانے کے حوالے سے فلسطینی سوچ کی حمایت کرتا ہے اور سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور مشرق وسطیٰ کے امن عمل میں مختلف سٹیک ہولڈرز کی شرکت کے ساتھ اقوام متحدہ کی قیادت میں بین الاقوامی امن کانفرنس کے انعقاد کا مطالبہ کرتا ہے۔