درآمدات پر مال برداری کے اخراجات کے حجم میں 75.73 فیصد کااضافہ

96
Pakistan Bureau of Statistics.
Pakistan Bureau of Statistics.

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):ملکی درآمدات پر مال برداری کے اخراجات کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 75.73 فیصد کااضافہ ریکارڈکیاگیا ہے ۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان اور سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر نومبر تک کی مدت میں ملکی درآمدات پر مال برداری اور انشورنس کے اخراجات کاحجم 848.17 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں75.73 فیصد زیادہے ۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی درآمدات پر مال برداری اور انشورنس اخراجات کا حجم 482.64 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ نومبر کےمہینے میں درآمدات پر مال برداری اور انشورنس اخراجات کے حجم میں گزشتہ سال نومبر کے مقابلہ میں 86 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔

رواں سا ل نومبر میں ملکی درآمدات پر مال برداری اور انشورنس اخراجات کا حجم 196.95 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال نومبر میں 105.55 ملین ڈالر تھا۔ مالی سال 2021 میں ملکی درآمدات پر مال برداری اور انشورنس اخراجات کا کل حجم 1.408 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔