فرانس میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 34.8 فیصد اضافہ ریکارڈ

89
State Bank

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):فرانس میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 34.8 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے 213.1ملین ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 34.8 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں فرانس میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 158 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔ نومبر کے مہینہ میں فرانس سے ترسیلات زر کا حجم 39.6 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ سال نومبر میں یہ حجم 34.9 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ مالی سال 2021 میں فرانس میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 52.6 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی تھی۔

موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کے لئے سہولیات اور اقدامات کے نتیجے میں سمندرپار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 9.7 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 26.9 فیصد کی شرح سے نمو ریکارڈ کی گئی تھی۔