اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):پاکستان میں پولینڈ کے سفیر ماکیج پسارسکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت کا حجم 500 ملین یورو سے زیادہ ہے اور دونوں ممالک انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ، محفوظ بنانےاور زراعت جیسے متعدد شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ پولینڈ کے سفیر نے اے پی پی کو بتایا کہ پاکستان کے …
پولینڈ پاکستان کے ساتھ آئی ٹی اور زرعی شعبوں میں تجارت بڑھانے کا خواہاں ہے، سفیرپولینڈ

مزید خبریں
اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):پاکستان میں پولینڈ کے سفیر ماکیج پسارسکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت کا حجم 500 ملین یورو سے زیادہ ہے اور دونوں ممالک انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ، محفوظ بنانےاور زراعت جیسے متعدد شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

پولینڈ کے سفیر نے اے پی پی کو بتایا کہ پاکستان کے لیے اچھی خبر یہ ہےکہ پاکستانی ٹیکسٹائل، کھیلوں کی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیا اور چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات زیادہ ہیں جبکہ پولینڈ کی کاسمیٹکس یہاں مقبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ ایجنڈا اقتصادی تعاون اور عوام سے عوام کے روابط کے فروغ پر مرکوز کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس سال پولینڈ اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں لیکن حقیقت میں، ہماری قوم کے درمیان تعلقات بہت پرانے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط ہو ئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی روابط کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور کثیر الجہتی تعاون سے لطف اندوز ہورہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال، دونوں ممالک اپنے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون کو نمایاں طور پر فروغ دے رہے ہیں۔ سفیر نے کہا کہ یورپی یونین پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منزل ہے اور پولینڈ نے پاکستانی برآمدات کو غیر باہمی ترجیحی سلوک فراہم کرنے کے لیے جی ایس پی پلس میں پاکستان کو شامل کرنے کا پرزور حامی ہے، یہ ایک خصوصی انتظام ہے جس کے تحت پاکستانی مصنوعات کو یورپی ممالک کی مارکیٹ تک رسائی حاصل ہے۔
تعلیمی تعاون کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے پولینڈ اور پاکستان کی یونیورسٹیوں کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ادارہ جاتی شراکت داری پر زور دیا تاکہ بہتر نتائج کے لیے باصلاحیت اور ہنر مند طلبہ کو تلاش کیا جا سکے۔ سفیر نے کہا کہ پولینڈ کی تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں نے گزشتہ 25 سالوں میں پاکستان میں لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
پولینڈ کی کمپنیوں کی جانب سے دریافت کی گئی گیس کو پاکستان میں مقامی صارفین کے لیے فروخت کیا جا رہا ہے جو کہ پولینڈ کے اقتصادی تعاون کا ایک اہم پہلو ہے۔
کوویڈ۔19 کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے تاجروفود کے تبادلوں میں کمی آئی ، تاہم پولینڈ اور پاکستان کے درمیان تجارت کا حجم ہر سال بڑھ رہا ہے۔ ویزا اور امیگریشن پالیسی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے، سفیر ماکیج پسارسکی نے کہا کہ پولینڈ یورپی یونین کا حصہ ہے اس لیے ویزا کے اجرا کے لیے یکساں قوانین اور طریقہ کار لاگو ہیں۔
مزید برآں، ویزا پالیسی ہمیشہ پیچیدہ اور مشکل تھی تاہم حفاظتی پہلو ئوں اور ایک دوسرے کی ثقافتوں کو تلاش کرنے اور سفر کرنے کی قدرتی خواہش کے درمیان توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے، اس لیے سفارت کاروں نے ہمیشہ توازن برقرار رکھنے کی کوشش کی۔
افغانستان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سفیر نے کہا کہ عالمی برادری کے انخلا میں پاکستان کا کردار انتہائی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کابل اور پاکستان کے درمیان پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی خصوصی پروازیں چلا کر اسلام آباد نےغیر ملکی فوجیوں اور شہریوں کے انخلا کے لیے مثبت اور اہم کردار ادا کیا۔








