یوکرین کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ، امریکی فوجیوں کو تعیناتی کے لیے ہائی الرٹ کردیا گیا

واشنگٹن۔25جنوری (اے پی پی):امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ یوکرین کے معاملے پر کشیدگی میں اضافے کے دوران امریکا کے تقریباً ساڑھے 8ہزار فوجیوں کو تعیناتی کے لیے ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ دفاع کے پریس سیکرٹری جان کربی نے ایک بیان میں کہا کہ فوج کی تعیناتی کہاں کی جائے گی اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا …

واشنگٹن۔25جنوری (اے پی پی):امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ یوکرین کے معاملے پر کشیدگی میں اضافے کے دوران امریکا کے تقریباً ساڑھے 8ہزار فوجیوں کو تعیناتی کے لیے ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق محکمہ دفاع کے پریس سیکرٹری جان کربی نے ایک بیان میں کہا کہ فوج کی تعیناتی کہاں کی جائے گی اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ،یہ صرف اس وقت ہو گا جب مغربی دفاعی اتحادنیٹو ریپڈ ری ایکشن فورس کو فعال کرنے کا فیصلہ کرے گا یایا اگر روسی فوجیوں کی تعیناتی کے ارد گرد دیگر حالات پیدا ہو جائیں گے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے خلاف روس کی بڑھتی ہوئی جارحیت پر یور پی کمیشن، یورپی کونسل، نیٹو، فرانس، جرمنی، اٹلی، پولینڈ اور برطانیہ کے رہنماؤں کے ساتھ ورچوئل ملاقات کی۔

وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں رہنماؤں نے یوکرین کے خلاف روسی حملے کو روکنے کے لیے اپنی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جس میں روس پر انتہائی سخت اقتصادی پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ نیٹو کے مشرق کی جانب سکیورٹی کو مضبوط بنانا بھی شامل ہے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ رہنماؤں نے موجودہ کشیدگی کے سفارتی حل کے لیے اپنی مشترکہ خواہش پر زور دیا اور روس کے ساتھ متعدد فارمیٹس میں حالیہ مصروفیات کا جائزہ لیا۔