اقوام متحدہ کی برکینا فاسو کے تمام فریقین سےتحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل

99

اقوام متحدہ ۔25جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نےبرکینا فاسو کے تمام فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اورفوج کی جانب سے صدر کو معزول کرنے کے بعد بات چیت کا انتخاب کریں۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہاکہ اقوام متحدہ اسلحے کے زور پر حکومت پر قبضہ کرنے کی کسی بھی کوشش کی شدید مذمت کرتی ہے اور بغاوت کرنے والوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہتھیار ڈال دیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ انتونیو گوٹیرس نے بغاوت کرنےوالوں پرزور دیا کہ وہ صدر اور برکینا فاسو کے اداروں کی سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔واضح رہے کہ برکینا فاسو کی فوج نے گزشتہ پیرکو صدر روچ کابور کو معزول، آئین کو معطل ، حکومت اور قومی اسمبلی کو تحلیل کر کے ملک کی سرحدیں بند کر دی تھیں۔