پاک چین دوطرفہ تجارت کے حجم میں پہلی ششماہی کے دوران نمایاں اضافہ، چین کو برآمدات میں 59.05 فیصد اضافہ

62
State Bank
State Bank

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی):پاکستان اورچین کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ہواہے، پہلی ششماہی میں چین کو برآمدات میں 59.05 فیصد جبکہ درآمدات میں 49.30 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.322 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 59.05 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کو برآمدات سے ملک کو837.91 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

دسمبر2021 میں چین کو 316.38 ملین ڈالرمالیت کی برآمدات ریکارڈکی گئی جو دسمبر2020 کے مقابلہ میں 42.40 فیصدزیادہ ہے، دسمبر2020 میں چین کوپاکستان کی برآمدات کا حجم 222.17 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔مالی سال 2021 میں چین کوبرآمدات سے ملک کو2.043 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں چین سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 49.30 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔جولائی سے لیکردسمبر2021 تک کی مدت میں چین سے 8.555 ارب ڈالرکی درآمدات کی گئی ، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین سے درآمدات پر5.730 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔

دسمبر2021 میں چین سے درآمدات کاحجم 1.599 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو دسمبر2020 میں 1.192 ارب ڈالرتھا۔ مالی سال 2021 میں چین سے درآمدات کا حجم 13.30 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔