لاہور۔14جولائی (اے پی پی):پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں نئے طیاروں کی شمولیت کا عمل جاری ہے۔رواں سال کا دوسرا ائیربس 320 طیارہ شارجہ سے پاکستان پہنچ گیا۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق پہلا جہاز 29 اپریل کو پاکستان آیا تھا اور اب آپریشنل خدمات سرانجام دے رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے نے گزشتہ برس طیاروں کے حصول کا ٹینڈر کیا تھا جس میں سے دو طیارے رواں سال پاکستان پہنچ گئے ہیں اور مزید دو طیارے اگلے چند دنوں میں پاکستان پہنچ جائیں گے۔انہوں نے بتایاان طیاروں کے بیڑے میں شمولیت سے پی آئی اے میں ائیربس 320 ساختہ طیاروں کی تعداد 14 ہوجائے گی۔ یہ طیارہ نئی نشستوں، جدید اور آرام دہ کیبن سے لیس ہے جس کی وجہ سے سفری سہولیات اور پی آئی اے کے پروڈکٹ کا معیار بہتر ہوگا۔
انہوں نے بتایایہ طیارہ اندرون ملک، ریجنل اور گلف کے روٹس پر چلایا جائے گا۔طیارہ 6 سالہ ڈرائی لیز پر حاصل کیا گیا ہے جس کی مدت کے اختتام پر باہمی رضامندی کے ساتھ پی آئی اے اس طیارہ کو اپنی ملکیت میں لے سکتا ہے۔