وزارت ہائوسنگ سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے اقدامات شروع کردیئے

123

اسلام آباد ۔22جولائی (اے پی پی):وزارت ہاوسنگ نے سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے اقدامات شروع کردیئے ۔اس حوالے سے جمعہ کووفاقی سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس افتخار علی شلوانی کی زیر صدارت سرکاری دفاتر کی عمارتوں کی سولرائزیشن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سرکاری دفاتر کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے قلیل مدتی منصوبے کی تیاری اور چھوٹے صارفین کو (سبسڈی) یا رعائتی قرضوں کے ذریعے شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وفاقی سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس افتخار علی شلوانی نے کہاکہ سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن سے کئی گنا فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم کے پائیدار اور سبز توانائی کے فروغ کے وژن کے تحت بڑی سرکاری عمارتوںکی شمسی توانائی منتقلی کے ضمن میں ایک ٹاسک فورس بھی تشکیل دی گئی تھی جس میں مختلف وفاقی وزراء، وفاقی سیکرٹریز اور صوبوں کے چیف سیکرٹریز شامل تھے۔