اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ متعلقہ محکمے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے غیر ملکی فنڈنگ کیس کا بلا تاخیر فیصلہ کریں،پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ گزشتہ آٹھ سال سے نہیں ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو مختلف ذرائع سے فنڈنگ ہوئی تھی اور اس حوالے سے تمام چیزیں بھی سامنے آ چکی ہیں لیکن اس کے باوجود ہم گزشتہ آٹھ سے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خیبرپختونخوا اور پنجاب میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے پہل کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں عام انتخابات کرانے کے لئے پُرعزم ہے۔ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ فیصلہ نواز شریف نے لندن میں کیا۔