فلڈ ریلیف ڈیش بورڈ کو بین الاقوامی معیار اور قوم کی ضروریات کے مطابق مزید بہتر بنایا جائے، وزیراعظم کی متعلقہ حکام کو ہدایت

فلڈ ریلیف ڈیش بورڈ کو بین الاقوامی معیار اور قوم کی ضروریات کے مطابق مزید بہتر بنایا جائے، ایسا ڈیش بورڈ ہونا چاہئے جس سے بین الاقوامی سطح پر ہماری ساکھ میں بھی اضافہ ہو ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی متعلقہ حکام کو ہدایت

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کی مانیٹرنگ کیلئے فلڈ ریلیف ڈیش بورڈ کو بین الاقوامی معیارات اور قوم کی ضروریات کے مطابق مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں کے مابین بہتر کوآرڈی نیشن اور ملکی ساکھ میں اضافہ کیلئے درکار مزید خصوصیات کے ساتھ ڈیش بورڈ عالمی معیار کا حامل ہونا چاہئے جس پر قوم کو فخر ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سیلاب متاثرین کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے ڈیش بورڈ سے متعلق بریفنگ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا جس کا باضابطہ افتتاح آئندہ پیر کو کیا جائے گا۔

وزیراعظم کو اس ڈیش بورڈ کی چیدہ چیدہ خصوصیات پر بریفنگ دی گئی۔ ڈیش بورڈ سے سیلاب متاثرین کو ملنے والی امداد بارے معلومات تک رسائی ممکن ہو گی، سیلاب متاثرین کیلئے دیئے گئے فنڈز کی تمام تفصیلات بھی ڈیش بورڈ پر دستیاب ہوں گی۔ تقریب میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر اقتصادی امور ایاز صادق، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز اور نیشنل کوآرڈینیٹر (این ایف آر سی سی) میجر جنرل ظفر اقبال بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیش بورڈ کی ورکنگ مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ڈیش بورڈ پر رئیل ٹائم انفارمیشن اپ ڈیٹ کی جائے، یہ ڈیش بورڈ مزید درکار خصوصیات کے اضافہ کے ساتھ عالمی معیار سے ہم آہنگ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیش بورڈ کا اقدام ایک اچھا اقدام ہے تاہم سیلاب سے ہونے والے نقصانات، امدادی کارروائیوں اور امدادی سامان کی تقسیم سے متعلق صحیح معلومات کے ساتھ اس میں محکمہ موسمیات سمیت متعلقہ اداروں کی طرف سے فراہم کی جانے والی معلومات اور دیگر خصوصیات کو شامل کرکے اسے ایسا بنایا جائے جس پر قوم فخر کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، اﷲ تعالیٰ نے پاکستان کے عوام کو بے پناہ خصوصیات سے نوازا ہے، ایسا ڈیش بورڈ بنائیں جس سے بین الاقوامی سطح پر ہماری ساکھ میں بھی اضافہ ہو۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیش بورڈ کو عوامی امنگوں کے مطابق بنانے کیلئے ایک ہفتہ مزید لے لیں، آئندہ پیر کو اس کا باضابطہ افتتاح کروں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جن ممالک اور عالمی تنظیموں نے پاکستان کو سیلاب متاثرین کیلئے امداد فراہم کی ہے جمعرات کو ان کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس اجلاس کیلئے بھرپور تیاری کی جائے تاکہ ہم انہیں اپنی ضروریات کے بارے میں آگاہ کر سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے دیئے گئے فنڈز کی تفصیلات ڈیش بورڈ پر دستیاب ہوں گی، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے سیلاب کی صورت میں بڑا نقصان ہوا ہے اور لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں، دنیا خود تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان کا کاربن گیسوں کے اخراج میں حصہ انتہائی کم ہے، ہمیں مستقبل میں بھی اس طرح کی قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری کرنا ہو گی۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کیلئے ڈیش بورڈ بہت اہمیت کا حامل ہے، یہ ڈیش بورڈ آئندہ بھی ہمیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں مدد دے گا۔ وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں خوراک کے تحفظ کے حوالہ سے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے، اس سلسلہ میں چاروں صوبوں کے وزراء زراعت اور سیکرٹریز کا بھی ایک اجلاس بلایا گیا ہے تاکہ مشترکہ طور پر فیصلے کئے جا سکیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے بتایا کہ سندھ سے اس وقت ایک لاکھ 33 ہزار اور خیبرپختونخوا سے 30 ہزار مزید خیموں کی طلب ہے، چین سے 5 ہزار خیمے جلد مل جائیں گی، اسی طرح ترکیہ اور سعودی عرب کے سفارتخانے بھی خیمے فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ہمیں 70 سے 80 ہزار مزید خیموں کی ضرورت ہو گی، خوراک، صحت کی سہولیات اور شیلٹرز کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سکھر۔حیدرآباد شاہراہ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک بھی روڈ نیٹ ورک کی بہتری کیلئے مدد کرے گا، سڑکوں اور شاہراہوں کو ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جس کے بعد بحالی کا کام شروع ہو گا، زیادہ تر علاقوں میں سڑکیں اور شاہراہوں پر آمدورفت بحال کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ تر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی بحال کر دی گئی ہے۔

این ایف آر سی سی کے کوآرڈینیٹر میجر جنرل ظفر اقبال نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پانی نکالنے میں دو سے تین ہفتے مزید لگیں گے، سیلابی پانی اترنے سے ہی متاثرہ علاقوں میں گندم کی کاشت ممکن ہو سکے گی، متاثرہ علاقوں میں بیماریوں کی روک تھام اور علاج کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور لوگوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے پنجاب انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو 2026ء میں 6 پوزیشنیں حاصل کرکے تمام جامعات کو پیچھے چھوڑ دیا فیصل آباد ۔ 16 نومبر (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نےپنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ہونہار پنجاب انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو 2026ء میں مختلف اختراعی منصوبوں کی کیٹیگریز میں 6 پوزیشنیں حاصل کر لی ہیں۔ مقابلے میں 80 جامعات نے شرکت کی جبکہ 350 منصوبوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے تمام جامعات میں سب سے زیادہ پوزیشنیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن ڈاکٹر اقرار احمد خان نے وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کے ہمراہ کامیاب فیکلٹی ممبران میں انعامات تقسیم کیے۔ تفصیلات کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر عمران پاشا کی سربراہی میں تیار کردہ منصوبے ”یمکن فوڈز“ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد کی قیادت میں پیش کیے گئے منصوبے ”فوڈ سکیورٹی کے فروغ، غذائی قلت کے خاتمے، پیداواری صلاحیت میں اضافے، پائیداری کے استحکام اور غذائی نظام میں تبدیلی کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والی سویا بین کی اقسام کا فروغ“ نے بھی پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ڈاکٹر رضیہ ندیم کی سربراہی میں تیار کردہ منصوبے ”صنعتی فضلے سے بھاری دھاتوں کے خاتمے کے لیے ضائع شدہ مواد سے ماحول دوست جاذب ٹیکنالوجی کی تیاری“ نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ڈاکٹر شہباز ناصر خان کی قیادت میں پیش کیے گئے منصوبے ”بائیو ہوم انرجی: صاف ستھری کھانا پکانے کی توانائی کے لیے ایک ہزار لیٹر کے گھریلو بائیو گیس پلانٹس کی تنصیب“ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مزید برآں ڈاکٹر صدف شکور کے منصوبے ”ایکو تھرائیو لیب“ اور ڈاکٹر شہباز ناصر خان کی سربراہی میں تیار کردہ منصوبے ”ای ایف تھری ایف: نامیاتی فضلے کو ایندھن، جانوروں کی خوراک اور کھاد میں تبدیل کرنے کا مربوط نظام“ نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے نمائش کا دورہ کیا اور طلبہ کی اختراعی صلاحیتوں اور تخلیقی منصوبوں کو سراہا۔ ایکسپو میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے منصوبوں کی شرکت اور رابطہ کاری کے امور بزنس انکیوبیشن سینٹر نے انجام دیے۔ اس کامیاب نمائندگی میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر ساجد سہیل، ڈائریکٹر بی آئی سی ڈاکٹر اظہر علی، ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈاکٹر شہباز ناصر خان اور ڈاکٹر روبینہ رشید سمیت طلبہ نے اہم کردار ادا کیا۔