اقوام متحدہ ۔31اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے صومالیہ میں ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل ان گھناؤنے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ عالمی ادارہ پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف صومالیہ کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک پرامن اور خوشحال صومالیہ کی حمایت کا عہد کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹری جنرل اس حملے سے بہت غمزدہ ہیں اور متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ صومالیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ہفتے کوصومالیہ کی وزارت تعلیم کی عمارت کو دو کار بم دھماکوں میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 100 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔