اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی فورمز پر ہم آہنگی کے لئے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے ابوظہبی میں سربنی یاس کے 13ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں مللکوں کے وزراء خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پربھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے دیرینہ تعلقات کی توثیق کی جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے ۔ اقدار اور ثقافتی وابستگیوں میں جڑی ہیں جبکہ انہوں نے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عراق کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عراق کی کامیابیوں اور چیلنجوں پر قابو پانے اور تعمیر نو کی کوششوں میں عراقی عوام کی لچک کو سراہا۔ اس موقع پر پاکستانی زائرین کے دورہ عراق اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے ۔
عراقی حکومت کی جانب سے زائرین کی بہبود کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب سے عاشورہ محرم اور اربعین کے دوران ویزوں اورسفر میں مزید سہولتوں کی درخواست کی ۔ دونوں فریقین نے تجارتی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔