استنبول۔13نومبر (اے پی پی):ترکیہ کے شہر استنبول کے مشہور استقلال ایونیو میں بم دھماکہ کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اتوار کو استنبول کے مصروف ترین علاقے استقلال ایونیو میں زوردار بم دھماکہ ہوا، ابتدائی طور پر دھماکے میں چھ افراد کے جاں بحق ہونے جبکہ پچاس سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، آن لائن پوسٹ کی گئی فوٹیج میں استقلال ایونیو پر جائے وقوعہ پر ایمبولینسز، فائر ٹرک اور پولیس کو دکھایا گیا ہے، یہ علاقہ عام طور پر سیاحوں اور مقامی لوگوں میں مقبول اور دکانوں اور ریستورانوں سے بھرا ہوا ہے۔
ایک ویڈیو میں ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی اور شعلے اٹھتے جبکہ پیدل چلنے والوں بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ دکانیں اور ایونیو جانے والے راستے بند کر دیئے گئے ہیں جب کہ پولیس غیر متعلقہ افراد کو جائے وقوعہ پر جانے سے روک رہی ہے۔ دھماکے کے بعد شہر میں افراتفری مچ گئی اور شہری مدد کو پکارنے لگے، پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے دھماکے کو غدارانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی، ترک قوم دہشتگردوں کے سامنے نہیں جھکے گی۔ انہوں نے کہا کہ استنبول کے گورنر سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق دھماکے میں چھ جاں بحق ہونے والوں کے علاوہ مزید 53 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترک صدر نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ترکیہ کو 2015 اور 2017 کے درمیان کالعدم کرد گروپوں کی جانب سے کئی بم دھماکوں کا نشانہ بنایا گیا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو نے رپورٹ کیا کہ دھماکے کی تحقیقات کیلئے پانچ پراسیکیوٹرز کو تفویض کر دیا گیا ہے۔