او آئی سی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس، روہنگیا مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ

123
اسلامی تعاون تنظیم

جدہ ۔14نومبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خصوصی کمیٹی نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا ہے۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق جدہ میں جمہوریہ گمبیا کے وزیر انصاف دائودا جالو کی صدارت میں ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے اجلاس سے خطاب میں ان اقدامات کا جائزہ لیا جو او آئی سی نے روہنگیا مسلمانوں کے المیے سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے کے لیے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی انصاف اور احتساب کے اصولوں کی پابندی کے حوالے سے پرعزم ہے۔ سیکرٹری جنرل نےعالمی عدالت انصاف میں میانمار کے حکام کے خلاف مقدمے میں جمہوریہ گیمبیا کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے رکن ممالک اور اسلامی تعاون تنظیم کے ادارے روہنگیا کاز کی حمایت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

جمہوریہ گمبیا کے وزیر انصاف اور پبلک پراسیکیوٹر دائودا جالو نے روہنگیا کے المیے پر کام کرنے والی وزارتی کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے اجلاس کے شرکا کو عالمی عدالت انصاف میں مقدمے کی صورتحال سے آگاہ کیا۔