ڈالر کی قدر کو ایک سطح پر مستحکم رکھا جائے تاکہ معاہدوں کی توثیق ہو سکے، کارپٹ ایسوسی ایشن

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ہے کہ ڈالر کے اتار چڑھائوکی وجہ سے برآمد کنندگان تشویش میں مبتلا ہیں، اس کے اسباب کو روکنے کیلئے سخت پالیسی بنانا ہوں گی، موجودہ حالات میں برآمدکنندگا ن غیر ملکی خریداروں سے کسی بھی طرح کے معاہدے کرنے کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں جس سے برآمدات …

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ہے کہ ڈالر کے اتار چڑھائوکی وجہ سے برآمد کنندگان تشویش میں مبتلا ہیں، اس کے اسباب کو روکنے کیلئے سخت پالیسی بنانا ہوں گی، موجودہ حالات میں برآمدکنندگا ن غیر ملکی خریداروں سے کسی بھی طرح کے معاہدے کرنے کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں جس سے برآمدات میں کمی کا خدشہ ہے۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو برآمدات میں درپیش مشکلات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف، ایسوسی ایشن کے سینئر مرکزی رہنما عبداللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، میجر (ر) اختر نذیر، شاہد حسن، اکبر ملک، اعجاز الرحمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

عثمان اشرف نے کہا کہ ڈالر کے اتار چڑھائو کا سدباب کرنے کی ضرورت ہے، حکومت اور سٹیٹ بینک اس حوالے سے سخت پالیسی بنائیں تاکہ ڈالر کی مارکیٹ میں استحکام پیدا ہو۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کو ڈالر کے اتار چڑھائو کی وجہ سے غیر ملکی خریداروں سے معاہدے کرنے کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت پر منفی اثرات کا خدشہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر میں استحکام سے برآمد کنندگان بروقت اپنے آرڈر تیار کر کے ان کی ترسیل کو یقینی بنانے کے قابل ہو سکیں گے۔