پی ایف سی 18 جنوری 2023 سے جکارتہ میں شروع ہونے والی 3 روزہ سنگل کنٹری ایکسپو میں حصہ لے گی،سی ای او میاں کاشف اشفاق

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پی ایف سی 18 جنوری 2023 سے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں شروع ہونے والی 3 روزہ سنگل کنٹری ایکسپو میں شرکت کرے گی جس سے نئے کاروباری مواقع تلاش اور پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو …

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پی ایف سی 18 جنوری 2023 سے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں شروع ہونے والی 3 روزہ سنگل کنٹری ایکسپو میں شرکت کرے گی جس سے نئے کاروباری مواقع تلاش اور پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں میاں فیض بخش کی قیادت میں آئی ٹی پروفیشنلز کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ چن ون کے ساتھ پی ایف سی اس میگا ایونٹ اور وزارت تجارت کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کرے گی تاکہ بین الاقوامی معیار کی پاکستانی مصنوعات کیلئے عالمی منڈی میں مواقع تلاش کئے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ کاروباری معاہدے کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ آئی ٹی اور سیاحت سمیت 20 مختلف بڑے سیکٹرز کے نمائندگان پر مشتمل وفد بھی ایکسپو میں حصہ لینے کےلیے جکارتہ کا دورہ کرے گا۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پہلی پاکستان آسیان ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس (پی اے ٹی ڈی سی) میں آسیان ممالک سے مندوبین بھی شرکت کریں گے، اس ایکسپو سے پروفیشنل خریداروں کو ایک بڑا سورسنگ پلیٹ فارم بھی میسر آئے گا جس میں بنیادی اشیا سے لے کر انتہائی تخلیقی اور اعلی ٰمعیار کی مصنوعات کی وسیع رینج شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایف سی اور چن ون قبل ازیں بھی امریکا، چین، اٹلی، سری لنکا وغیرہ میں کئی بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت کر کے وہاں اپنی مصنوعات متعارف کرا چکے ہیں جن کی اب بہت زیادہ مانگ ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ایکسپو سے بھی غیر ملکی خریداروں سے آرڈرز کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنگل کنٹری ایکسپو میں شرکت کا بنیادی مقصد قومی معیشت کو مضبوط بنانا ہے اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی برآمدی مصنوعات بنانے والوں کو اس ضمن میں سہولت فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر مسلسل میٹنگز کا انعقاد کریں گے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کے بے مثال خصوصی پیکج سے مستفید ہونے پر آمادہ کیا جا سکے۔