پاکستان مسلم ممالک میں ورچوئل اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی ماڈیولز اور آن لائن تعلیمی خدمات فراہم کر سکتا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کامسٹیک کی جانب سے کم ترقی یافتہ مسلم ممالک میں ہنر اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے افغانستان میں طلباء کو آن لائن اور ریکارڈ شدہ تعلیم کی فراہمی پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سلسلے میں پاکستان ورچوئل یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی ماڈیولز اور آن لائن تعلیمی …

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کامسٹیک کی جانب سے کم ترقی یافتہ مسلم ممالک میں ہنر اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے افغانستان میں طلباء کو آن لائن اور ریکارڈ شدہ تعلیم کی فراہمی پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سلسلے میں پاکستان ورچوئل یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی ماڈیولز اور آن لائن تعلیمی خدمات کی فراہمی کی پیشکش کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے او آئی سی کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کامسٹیک پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں طلباء کو آن لائن اور ریکارڈ شدہ تعلیم فراہم کرے، ریکارڈ شدہ اسباق اور تربیتی کورس افغان طلباء کو تعلیم فراہم کرنے کیلئے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان ورچوئل یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی ماڈیولز اور آن لائن تعلیمی خدمات بھی پیش کر سکتا ہے ، ان اقدامات سے افغانستان کو درپیش تعلیمی سہولیات کی کمی پورا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

صدر مملکت نے دیگر اسلامی ممالک میں سائنس و زراعت کے شعبوں میں بہترین طریقوں کو ماڈل کے طور پر اپنانے اور پاکستان میں ان کی نقل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پرائم منسٹر ڈیجیٹل سکلز پروگرام نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے اور روزگار حاصل کرنے کے قابل بنانے کا ایک کامیاب ماڈل ہے، ڈیجی اسکلز پروگرام کو دوسرے مسلم ممالک میں نقل کیا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے قازقستان کے طلباء کو 20 فیلو شپس/سکالرشپس دینے کے اقدام کو سراہا۔

انہوں نے فلسطین کے طلباء کے لیے 500 خصوصی سکالرشپس/فیلو شپس کے اقدام کی بھی تعریف کی۔صدر نے کہا کہ 2023 کے دوسرے حصے میں کامسٹیک کی 16ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے انعقاد کی تجویز پر غور کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کم ترقی یافتہ ممالک میں طلباء کو ہنر اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے بہت سے مسلم ممالک میں کامسٹیک کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات کو سراہا۔