حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر60 اوردسمبرمیں 78 فیصد کمی

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر60 فیصد اوردسمبرکے دوران 78 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے، مالی سال کے پہلے نصف میں پرائمری بیلنس میں سالانہ بنیادوں پر3 فیصد کی نموہوئی اس کے برعکس ملک کے تجارتی خسارہ میں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر32 فیصد کی نمایاں کمی …

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر60 فیصد اوردسمبرکے دوران 78 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے، مالی سال کے پہلے نصف میں پرائمری بیلنس میں سالانہ بنیادوں پر3 فیصد کی نموہوئی اس کے برعکس ملک کے تجارتی خسارہ میں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر32 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے دسمبر2022 تک کی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 3.667 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 60 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاحجم 9.091 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، دسمبر2022 کے دوران حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ کاحجم 400 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 78 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ کاحجم 1.857 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعدادوشمارکے مطابق نومبرکے مقابلہ میں دسمبر2022 میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں ماہانہ بنیادوں پر59 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں پرائمری بیلنس میں سالانہ بنیادوں پر3 فیصد اور دسمبرکے دوران 24 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے،جولائی سے دسمبر تک کی مدت میں پرائمری بیلنس کاحجم 2.625 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2.554 ارب ڈالر تھا، دسمبرمیں پرائمری بیلنس کاحجم 690 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جودسمبر2021میں 556 ملین ڈالر تھا۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ملک کے تجارتی خسارہ میں سالانہ بنیادوں پر32 فیصد اوردسمبرمیں 52 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے، اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے دسمبر2022 تک کی مدت میں تجارتی خسارہ کاحجم 15.656 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 22.99 ارب ڈالر تھا، دسمبر2022 میں پاکستان کے تجارتی خسارہ کاحجم 1.875 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جودسمبر2021 میں 3.928 ارب ڈالر تھا۔

اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لے کر دسمبر تک کی مدت میں اشیا اورخدمات کی برآمدات کاحجم 17.737 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 18.674 ارب ڈالر تھا، دسمبرمیں اشیا اورخدمات کی برآمدات سے ملک کو2.962 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں اشیا اورخدمات کی درآمدات پر33.39 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 41.66 ارب ڈالر تھا، دسمبر2022 میں اشیا اورخدمات کی درآمدات کاحجم 4.837 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا۔

مزید خبریں