پاکستان تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے،دہشت گردی سمیت بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے،افتخار علی ملک

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):ملک بھر کی تاجر برادری نے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو یہاں مسلم خان بونیری کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ …

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):ملک بھر کی تاجر برادری نے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو یہاں مسلم خان بونیری کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے اور اسے دہشت گردی سمیت بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔

ہم اس چیلنج پر قابو پانے کے لیے تیار اور پر عزم ہیں اور جلد ایک مضبوط ملک کے طور پر ابھریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام اپنی جغرافیائی سرحدوں کے دفاع اور مادر وطن سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایک پیج پر ہیں۔ تاجر برادری ملک دشمن عناصر کی ریاست مخالف سرگرمیوں کو ناکام بنانے کی کوششوں میں ہر طرح سے مسلح افواج کے ساتھ ہے، ملکی معیشت کے استحکام اور بیرونی سرمایہ کاروں کی آمد کے لیے جمہوریت کے فروغ کے ساتھ ساتھ امن و امان کا قیام اولین شرط ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مسلح افواج ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں کیونکہ وہ نہ صرف میدان جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرتی ہیں بلکہ زلزلہ ہو یا سیلاب، انتہائی مشکل حالات میں ہر قسم کی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں، بابائے قوم کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق کام کر کے ہی ہم ملک کو سکیورٹی اور معاشی چیلنجز کے خلاف ناقابل تسخیر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں اپنی ذمہ داریاں اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق ادا کرنے کی توفیق اور وژن عطا فرمائے