پی ایچ ایف،ورلڈ سپورٹس جرنلزم ڈے پر کھیلوں کی صحافت سے وابستہ تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)نے ورلڈ سپورٹس جرنلزم ڈے کے موقع پر کھیلوں کی صحافت سے وابستہ تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدانوں کی رونق،کھلاڑیوں کی محنت اور کامیابیوں کو دنیا بھر تک پہنچانے میں سپورٹس جرنلسٹس،فوٹوگرافرز، کیمرہ پرسنز اور براڈکاسٹرز کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)نے ورلڈ سپورٹس جرنلزم ڈے کے موقع پر کھیلوں کی صحافت سے وابستہ تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدانوں کی رونق،کھلاڑیوں کی محنت اور کامیابیوں کو دنیا بھر تک پہنچانے میں سپورٹس جرنلسٹس،فوٹوگرافرز، کیمرہ پرسنز اور براڈکاسٹرز کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔پی ایچ ایف کی جانب سے جاری کردہ پیغام اور اولمپئن سمیع اللہ طاہر زمان نے کہا کہ کھیلوں کی صحافت سے وابستہ افراد ہر موسم،ہر حالات اور ہر چیلنج کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انتہائی لگن اور دیانت داری سے انجام دیتے ہیں۔یہی افراد میدان میں ہونے والے یادگار لمحات،کھلاڑیوں کی جدوجہد،کامیابیوں اور قومی فخر کو عوام تک پہنچاتے ہیں اور کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ قومی کھیل ہاکی کو زندہ رکھنے،اس کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے اور نئی نسل میں اس کھیل کیلئے دلچسپی پیدا کرنے میں سپورٹس میڈیا کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ فیڈریشن کے مطابق صحافیوں کی تحریریں، فوٹوگرافرز کی تصاویر،کیمرہ پرسنز کی محنت اور براڈکاسٹرز کی آواز ہی کھلاڑیوں کو حقیقی شناخت فراہم کرتی ہے اور ان کی کامیابیوں کو دنیا کے سامنے نمایاں کرتی ہے۔پی ایچ ایف نے کھیلوں کی صحافت سے وابستہ تمام افراد کی انتھک محنت،لگن اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن سپورٹس میڈیا کے تمام نمائندوں کو سلام پیش کرتی ہے اور امید ظاہر کرتی ہے کہ وہ آئندہ بھی قومی کھیل ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ،نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور مثبت کھیلوں کی ثقافت کے فروغ میں اپنا موثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔