جمہوریہ کوریا کے 47رکنی تجارتی وفد کا سابق سفیر ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان کی سربراہی میں ایف پی سی سی آئی کا دورہ

140
صدر فیصل آباد چیمبر

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):جمہوریہ کوریا کے 47رکنی تجارتی وفد نے سابق سفیر ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان کی سربراہی میں ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اسلام آباد کا دورہ کیا اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ ، نائب صدور امین اللہ بیگ، عمر مسعود الرحمن و دیگر پاکستانی تاجروں سے ملاقات کی۔

وفد نے پاکستان کے سیاحت، تعمیرات، زراعت، میڈیا، فوڈ، ٹریڈنگ ، اسٹیل سمیت مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے تاجروں کے مابین بزنس ٹو بزنس میٹنگ کا انعقاد، کورین اور پاکستانی کمپنیوں کا جوائنٹ وینچر ، کاروبار کے مواقع، سرمایہ کاری، روابط کے فروغ’دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی ترقی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر پاکستان میں کوریا کے سفیر سوہ سنگپیو، سابق سفارتکار سمیت اسلام آباد سمال چیمبر کے صدر سجاد سرور، گلگت چیمبر کے صدر محمد عمران، غذر چیمبر کے صدر شیر نبی، ہنزہ چیمبر کے صدر محمد رازق، سکردو چیمبر کے صدر عارف ملک سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔

قبل ازیں ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کورین وفد کے پاکستان اور خاص کر ایف پی سی سی آئی کے دورے کا خیر مقدم کیا اورپاکستان میں دو طرفہ تجارت سے متعلق مختلف شعبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک پرکشش ملک ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو بہترین اور منافع بخش کاروبار کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

اس لیے کوریا کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو ایک دوسرے کے ساتھ روابط بڑھانا چاہیے اور یہ معلوم کرنا چاہیے کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے کن چیزوں کی تجارت کی جا سکتی ہے، جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہو گی۔اس موقع پر امین اللہ بیگ نائب صدر ایف پی سی سی آئی و انچارج کیپٹل آفس نے پاکستان اور کوریا کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کے بارے میں بتایا اور کہا کہ کوریا کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ سے استفادہ کرنا چاہئے۔ کوریا کے پاس ایسے شعبوں میں مہارت ہے جو پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔

عمر مسعود الرحمان نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی پاکستان کے ساتھ ساتھ جمہوریہ کوریا کی سب سے اہم صنعت ہے۔ دونوں آئی ٹی کے ہنر مند انسانی وسائل برآمد کرنے کے ماہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ کوریا میں صرف 10,000 پاکستانی نژاد کارکن کام کر رہے ہیں اور اس تعداد میں اضافہ ہونا چاہئے ، اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا۔ کورین وفد کے سربراہ ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان نے پرتپاک استقبال پر صدر ایف پی سی سی آئی کو سراہا اور پاکستان میں کوریا کی سرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفد کے ارکان نے مذہبی، ثقافتی اور سیاحتی مقامات کے دورے کے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔

وفد کے ارکان نے متفقہ طور پر کہا کہ پاکستان بالخصوص مذہبی سیاحت میں قابل قدر ہے۔ پاکستان بدھ مت کے فن اور ثقافت کا گہوارہ اور بدھ مت کی دوسری مقدس سرزمین رہا ہے۔ مذہبی عقیدے نے برصغیر میں ثقافتی اور سماجی ارتقا کی تاریخ میں سب سے اہم دور کی نشاندہی کی ہے مذہبی سیاحت کو فروغ دے کر پاکستان بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے۔