اسٹیٹ بینک نےاسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر 50روپے کا یادگاری سکہ جاری کر دیا

98

کراچی۔13اپریل (اے پی پی):اسٹیٹ بینک نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر 50روپے کا یادگاری سکہ جاری کردیا۔ مرکزی بینک سے جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان کا آئین جو 1973 کے آئین کے طور پر بھی مشہور ہے، اسے پاکستان کے اعلی ترین قانون کی حیثیت حاصل ہے اور اس کا مقصد پاکستان کے قانون، سیاسی ثقافت اور نظام کو رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ اس میں ریاستی خدوخال کا تعین کیا گیا ہے اور یہ آبادی کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور ہر پاکستانی شہری کی سلامتی کی ضمانت دیتا ہے۔

پاکستان کی قومی اسمبلی نے یہ آئین 10اپریل 1973 کو منظور کیا تھا۔سال 2023 اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی کا سال ہے۔ اس خصوصی موقع کی مناسبت سے وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو 50روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کی اجازت دی ہے۔ یہ یادگاری سکہ 14 اپریل 2023 سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے تمام تبادلہ کائونٹرز سے جاری کیا جائے گا۔

سکے کی شکل گول ہے جسے 30.0 ملی میٹر سمت کے ساتھ نقش کیا گیا ہے، اس کا وزن 13.5 گرام اور یہ تانبے اور نکل کے دھاتی اجزا (تانبا 75 فیصد اور نکل 25 فیصد)پرمشتمل ہے۔50 روپے کے یادگاری سکے کے دھاتی اجزا، شکل ، سمت اور ڈیزائن کے مطابق سکے کے سامنے کے رخ کے درمیان میں بڑھتا ہوا ہلالی چاند اور پانچ نوکوں پر مشتمل ستارہ دیا گیا ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ سکے کے دائرے کے ساتھ چاند ستارے کے اوپر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے الفاظ اردو اسکرپٹ میں کندہ کیے گئے ہیں۔

چاند کے نیچے اور گندم کی اوپر کو اٹھتی ہوئی دو شاخوں کے اوپر سکے کے اجرا کا سال 2023 تحریر ہے۔ سکے کی ظاہری مالیت 50ابھرے ہوئے اعداد میں اور روپیہ اردو اسکرپٹ میں بالترتیب چاند ستارے کے دائیں اور بائیں جانب تحریر کیے گئے ہیں۔ سکے کی پچھلی طرف اور مرکز میں آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عنوان سے کتاب کی تصویر انگریزی اسکرپٹ کے ساتھ دکھائی گئی ہے۔

اس تصویر کے اوپر دائرے کے ساتھ اردو اسکرپٹ میںآئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے الفاظ درج ہیں۔ تصویر کے نیچے 1973-2023 اعداد میں سکے کے دائرے کے ساتھ درج ہے جو گولڈن جوبلی تقریبات کی مدت کو ظاہر کرتاہے۔ فنکارانہ عددی الفاظ میں 50 اور اردو میں لفظ سال بالترتیب سکے کے دائیں اور بائیں جانب تحریر ہیں۔