کاروبار اور انسانی حقوق لازم و ملزوم ، مغربی دنیامعاشروں کی روایات اور زمینی حقائق مدنظر رکھےتاکہ ترقی کے مقاصد حاصل کیے جاسکیں،صدر ایف سی سی آئی

فیصل آباد۔22جون (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ کاروبار اور انسانی حقوق ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں ، مغربی دنیا کو اس سلسلے میں دونوں معاشروں کی متضاد روایات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھنا ہوگا تاکہ متوازن معاشی، سماجی اور معاشرتی ترقی کے مقاصد کو بلا تعطل حاصل کیا جا سکے۔یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام،پاکستان ٹیکسٹائل …

فیصل آباد۔22جون (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ کاروبار اور انسانی حقوق ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں ، مغربی دنیا کو اس سلسلے میں دونوں معاشروں کی متضاد روایات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھنا ہوگا تاکہ متوازن معاشی، سماجی اور معاشرتی ترقی کے مقاصد کو بلا تعطل حاصل کیا جا سکے۔یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام،پاکستان ٹیکسٹائل کونسل اور فیصل آباد چیمبرکے اشتراک سے ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے انسانی حقوق کے معیار بارے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کے لیے ترقی یافتہ ملکوں کی مارکیٹوں تک آسان رسائی کو بعض شرائط سے منسلک کیا گیا ہے۔

انہوں نے اس سلسلے میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے لیے الگ الگ معیار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش میں 14سال کی عمر کے مزدوروں پر چائلڈ لیبر کی شق کا اطلاق نہیں ہوتا لیکن پاکستان کی ہر فیکٹری کے باہر لکھا ہوتا ہے کہ18سال سے کم عمر کے بچوں کو نوکری نہیں ملے گی۔ انہوں نے آڈٹ کے حوالے سے امریکی اور یورپی معیار میں واضح فرق کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ایگزیکٹو ز کے واش روم میں لکس اور مزدوروں کے لیے لائف بوائے صابن رکھنے کو بھی امتیازات کا نام دیکر برآمدی یونٹوں پر پابندی لگائی جاتی رہی ہے جس کا قطعاً کوئی جواز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیکٹری مالکان اپنے مزدوروں کو مختلف قسم کی مراعات دینے کے لیے کنٹری بیوشن ادا کرتے ہیں مگر بعض وجوہات کی وجہ سے گزشتہ 3سالوں سے محنت کشوں کے خاندانوں کو ڈیتھ اور میرج گرانٹ نہیں ملی ۔ انہوں نے کہاکہ مالکان اور خاص طور پر برآمد کنندگان از خود انسانی حقوق بارے قوانین کی سختی سے پابند ی کر رہے ہیں ، اس سے پیداوار بڑھانے میں بھی مدد ملتی ہے۔

تقریب میں سابق صدرچیمبر میاں جاوید اقبال، سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد ، نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی ، سابق صدر میاں فرحان لطیف ، انجینئر رضوان اشرف، ایگزیکٹو ممبران میاں محمد طیب، فیصل علی رانا ، حاجی عبدالرئوف ، میاں عبدالوحید اور سابق ایگزیکٹو ممبر شیخ محمد فاضل نے بھی شرکت کی۔

 

مزید خبریں