حکومت نے تمام درآمدی کنسائنمنٹس فوری کلیئر کرنے کی ہدایت کردی،بینک ایل سیز جلد کھولیں، صدر فیصل آباد چیمبر

343
Faisalabad Chamber of Commerce
Faisalabad Chamber of Commerce

فیصل آباد ۔ 27 جون (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ حکومت نے تمام درآمدی کنسائنمنٹس فوری کلیئر کرنے کی واضح ہدایت کر دی اور اس سلسلے میں سٹیٹ بینک کی طرف سے بھی کوئی رکاوٹ نہیں ،بینکوں سے اپیل ہے کہ ایل سیز جلد کھولیں۔یہ بات انہوں نے فیصل آباد ڈائز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے ایک وفد جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر بلال وحید شیخ کررہے تھے ،سے ملاقات کے دوران کہی۔

ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ حکومت نے واضح اعلان کر دیا ہے کہ ہر قسم کی درآمدات پر پابندی ختم کر دی گئی ہے ، اس سلسلے میں سٹیٹ بینک کی طرف سے بھی کوئی رکاوٹ نہیں ،تاہم اگر کوئی بینک سٹیٹ بینک کی کسی شق کا غلط استعمال کررہا ہے تو اس کا سدباب کیا جا سکتا ہے۔

ٹیکسوں اور ریگولیٹری ڈیوٹی کے حوالے سے صدرچیمبر نے کہا کہ ڈائز اینڈ کیمیکلز پر ڈیوٹیاں زیادہ نہیں اور اب اس موقع پر یہ مسئلہ اٹھانا بھی مناسب نہیں کیونکہ بجٹ پاس ہو چکا ہے۔ ایکسپورٹ فسیلی ٹیشن سکیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مینو فیکچررز کو درآمدی ڈائز اینڈ کیمیکلزپرچھوٹ ہے ،کمرشل درآمد کنندگان کو 18فیصد سیل ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے تاہم وہ ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن سکیم بارے ان کی آگاہی بارے سیمینار کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کمرشل درآمد کنندگان کی زیادہ ترسیل ایکسپورٹ یونٹوں کو ہے تو آپ بھی ایکسپورٹ فسیلی ٹیشن سکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے بلال وحید سے کہا کہ وہ مینو فیکچررز اور چھوٹے فروخت کنندگان کے مسائل الگ الگ تحریری طور پر دیں تاکہ ان کے حل کے لیے قابل عمل سفارشات تیار کی جا سکیں۔ تجارتی لین دین کے تنازعات کے سلسلے میں صدر چیمبر نے کہا کہ آپ کوایسے مسائل ایسوسی ایشن کی سطح پر حل کرنے چاہئیں تاہم چیمبر بھی اس سلسلے میں ان کی معاونت نے کو تیار ہے۔ انہوں نے ڈائز اینڈ کیمیکلز ایسوسی ایشن کو کراچی میں اپنے دفاتر مستحکم کرنے کی بھی تجویز دی تاکہ کسٹم سے متعلقہ تشخیصی معاملات فوری طور پر حل کئے جا سکیں۔

بارٹر ٹریڈ کے حوالے سے ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ یہ اچھا اقدام ہے جس سے ڈائز اینڈ کیمیکلز کے درآمد کنندگان کو فوری طور پر فائدہ اٹھانا ہوگا۔اس موقع پر سینئر نائب صدرچیمبر ڈاکٹر سجاد ارشد، نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی، جواد شفیق، ذیشان عمر، نثار احمد، خواجہ انس، رانا طارق محمود، انوارالحق، مجاہد حسین راؤ، عابد حسین ملہی اور ڈاکٹر اعجاز نثار بھی موجود تھے۔