حیدرآباد۔ 07 اگست (اے پی پی):لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جام شوروکے انٹرنیشنل میڈیکل اینڈ ٹیکنیکل کالج ٹھٹھہ کا افتتاح وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج کا دن بہت اہم ہے ،ہم اپنے صوبے میں ایک خواب کو پورا کر رہے ہیں ،میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے انتھک محنت کی اور ہمارے اس خواب کو پورا کرنے میں ہماری مدد کی،یہ کیمپس نہ صرف میڈیکل کی تعلیم کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے گا بلکہ صحت کے بڑھتے مسائل کو حل کرنے میں مدد کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مشن کمیونٹی کو صحت معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے ،اس کیمپس کے ذریعے ہم مزید میڈیکل کے شعبے سے وابستہ افراد کو جدید تعلیم سے آراستہ کریں گے تاکہ وہ انسانیت کی خدمت کریں ۔
انہوں نے کہا کہ میں وائس چانسلر لمس پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اجن اور ان کی پوری ٹیم کا تہیہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر اکرام الدین اُجن نے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کی یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں لیاقت یونیورسٹی اور تعلیم سے محبت اور لگاؤ ہے ۔وائس چانسلر لمس پروفیسر ڈاکٹر اکرام الدین اُجن نے کہا کہ آج کا دن صحت اور تعلیم کے سفر کو مزید آگے لے جانے کا دن ہے جس سے یہاں کی عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل میڈیکل اینڈ ٹیکنیکل کالج سے لاکھوں افراد کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جائے گا ،
یہ کیمپس صرف ایک عمارت نہیں ہے بلکہ صحت کی سہولیات کے نظام کو بڑھانے اور طبی تحقیق کو فروغ دینے کا عزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں متعدد میڈیکل یونیورسٹیوں کا قیام اور سندھ کے مختلف اضلاع میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو و سیکولر ڈیزیز کا نیٹ ورک اعلیٰ طبی تعلیم اور صحت کی سہولیات سندھ کے عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے حوالے سے حکومت سندھ کے عزم کی روشن مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہمیشہ صحت اور تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں رہتی ہے ۔