پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین سی فوڈ، آم، حلال انڈسٹری اور حلال کاسمیٹکس کے شعبوں میں باہمی تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے،تھائی سفیر

لاہور۔20ستمبر (اے پی پی):تھائی لینڈ کے سفیر چاکریڈ کرائچائیونگ نے کہا ہے کہ تھائی ایئرویز پاکستان کیلئے اپنے فضائی روابط دوبارہ شروع کررہی ہے، اسلام آباد سے چار جبکہ کراچی اور لاہور سے ہفتہ وار پانچ پروازیں شروع کی جائیں گی۔ وہ بدھ کو لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور ،سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، نائب صدر عدنان خالد …

لاہور۔20ستمبر (اے پی پی):تھائی لینڈ کے سفیر چاکریڈ کرائچائیونگ نے کہا ہے کہ تھائی ایئرویز پاکستان کیلئے اپنے فضائی روابط دوبارہ شروع کررہی ہے، اسلام آباد سے چار جبکہ کراچی اور لاہور سے ہفتہ وار پانچ پروازیں شروع کی جائیں گی۔ وہ بدھ کو لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور ،سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، نائب صدر عدنان خالد بٹ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔سفیر نے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ کے لیے وسطی ایشیا اور مشرق وسطی کے لیے گیٹ وے ہے۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک کے درمیان سی فوڈ، آم، حلال انڈسٹری اور حلال کاسمیٹکس کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے منافع کی واپسی اور ایل سی کھولنے کے بارے میں سفیر کے خدشات کو دور کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولیاتی کونسل ون ونڈوآپریشن کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولیات مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

سفیر نے کہا کہ تھائی لینڈ سیاحت، ہاسپٹیلٹی اور ہوٹل و ریسٹورنٹ انڈسٹری میں تھائی لینڈ کے وسیع تجربے سے استفادہ کرے۔ انہوں نے پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ورثہ کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا اورتاریخی اور ثقافتی ورثے کو شاندار طریقے سے برقرار رکھنے پر پاکستان کی تعریف کی۔انہوں نے لاہور چیمبر کو تھائی لینڈ میں فارماسیوٹیکل، خوراک، آٹوپارٹس اور دیگر شعبوں کی نمائشوں میں شرکت کی دعوت دی۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوستی ہے۔

انہوں نے باہمی تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا اور علاقائی استحکام اور اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی وسیع گنجائش ہے اور پاکستان اس حوالے سے تھائی لینڈ کے سیاحوں کے لیے بہت کشش رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ آسیان کا اہم رکن ہے جس کی عالمی برآمدات 284 بلین ڈالر اور درآمدات 306 بلین ڈالر سے زائد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان سال 2022-23میں باہمی تجارت تقریبا 876 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔کاشف انور نے کہا کہ تھائی لینڈ پاکستان سے مچھلی، ادویات، سکرو، بولٹس، آلات جراحی، قیمتی و نیم قیمتی پتھروافر مقدار میں درآمد کرسکتا ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، لیدر،فارماسیوٹیکل، کھیلوں کا سامان اور آلات جراحی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کی وافر گنجائش ہے۔ انہوں نے تھائی ایئرویز کے آپریشنز کی دوبارہ شروعات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔