جوہری توانائی پروگرام کو جامع بین الاقوامی حفاظتی فریم ورک میں شامل کریں گے، سعودی وزیر توانائی

110
جوہری توانائی پروگرام کو جامع بین الاقوامی حفاظتی فریم ورک میں شامل کریں گے، سعودی وزیر توانائی

ویانا۔26ستمبر (اے پی پی):سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ جوہری توانائی پروگرام کو جامع بین الاقوامی حفاظتی فریم ورک میں شامل کریں گے، ایٹمی توانائی کی قومی پالیسی کے پابند تھے ، ہیں اور رہیں گے۔ عرب نیوز کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے پیر کو ویانا میں ایٹمی توانائی کی جنرل کانگریس کے67 ویں سیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب اپنے جوہری توانائی پروگرام کو ایک جامع بین الاقوامی حفاظتی فریم ورک میں شامل کرے گا جو مملکت کے شفافیت، قابل اعتماد اور تحفظ کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اس بات میں یقین رکھنا ہے ایٹمی توانائی سے سماجی اور معاشی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ مختلف شعبوں میں ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ سعودی عرب ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے قریبی تعاون سے مختلف شعبوں میں جوہری توانائی کے پرامن استعمال کو فروغ دینے کےلیے فعال طور پر کام کررہا ہے۔ بین الاامی طور پر کئے جانے والے بہترین تجربات اور طریقوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنیادی ڈھانچے اور افرادی قوت کی تیاری میں ایجنسی کی مشاورتی خدمات و تجربات سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔

شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بتایا کہ سعودی عرب آئی اے ای اے کے ساتھ شراکت میں ایک علاقائی تعاون مرکز کو فعال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ جوہری ہنگامی صورتحال کےلیے اپنی تیاریوں کو بڑھایا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ یہ مرکز قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ریگولیٹری پہلووں پر بھی توجہ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اپنے اس غیر متزلزل موقف پر قائم ہے کہ ایٹمی توانائی کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر عمل درآمد کیا جائے،سعودی عرب بین الاقوامی کوششوں کے ساتھ ہے وہ چاہتا ہے ایٹمی توانائی کے عدم پھیلاؤ کا معاہدہ دنیا کے تمام علاقوں میں نافذ ہونا چاہیے۔شہزادہ عبدالعزیز نے مشرق وسطی میں ایٹمی پھیلاؤ کے مسائل سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس کے لیے قرارداد نمبر 1995 کا مکمل نفاذ ضروری ہے جس کے تحت مشرق وسطی کو ایٹمی اسلحہ سے پاک علاقہ بنانے کی بات کی گئی ۔