گورنر خیبرپختونخوا کی پاک افریقہ اکنامک کونسل کی تقریب میں شرکت

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاک افریقہ اکنامک کونسل کی تقریب میں شرکت کی، تقریب میں ڈی جی افریقہ حمید اصغر خان سمیت متعدد ممالک کے سفارتی حکام اور کاروباری شخصیات شریک تھیں

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاک افریقہ اکنامک کونسل کی تقریب میں شرکت کی، تقریب میں ڈی جی افریقہ حمید اصغر خان سمیت متعدد ممالک کے سفارتی حکام اور کاروباری شخصیات شریک تھیں۔ہفتہ کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، کاروباری روابط اور اقتصادی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنا کر نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل، معدنیات، زراعت، سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے نمایاں صلاحیت رکھتا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو علاقائی اور عالمی تجارت کا اہم مرکز بنانے کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں، کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے درمیان مؤثر رابطہ ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

مزید خبریں