پاکستان کی سعودی عرب میں پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی مذمت

پاکستان نے سعودی عرب میں پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں،پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے مخلصانہ کوششیں کرتا رہا ہے

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے سعودی عرب میں پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں،پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے مخلصانہ کوششیں کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی یہ کوششیں جاری رکھے گا۔ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کے ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ہونے والے قابلِ مذمت ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جن کے نتیجے میں پائپ لائن کو نقصان پہنچا اور شہری زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ یہ حملے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، جبکہ یہ برادر ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔ یہ حملے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور مملکت کی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے مخلصانہ کوششیں کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی یہ کوششیں جاری رکھے گا۔

مزید خبریں